کنگسٹن ؍ نئی دہلی۔9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹسٹ سیریز کا پہلا مقابلہ بھلے ہی یکطرفہ ہوا ہے لیکن امید کی جارہی ہے کہ ٹسٹ سیریز کے بعد محدود اوورس کی سیریز میں شائقین کو مسابقتی مقابلے دستیاب ہوں گے کیونکہ ویسٹ انڈیز کی ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم میں کئی ایسے اسٹارکھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے ہندوستان کے ٹورنمنٹ آئی پی ایل میں شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ ڈیرن براوو کی 2 اور کیرون پولارڈ کی ایک برس بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ آل راؤنڈر آندرے رسل کو ونڈے سکواڈ سے نظر انداز کیا گیا تاہم وہ ٹی20 ٹیم کا حصہ ہیں۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق ونڈے اور ٹی 20 سیریز میں تین، تین نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ہندوستان کیخلاف پانچ ونڈے میچوں اور تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے علیحدہ ٹیموں کا اعلان کیا ہے۔ ڈیرن براوو کی دو اور کیرون پولارڈ کی ایک سال بعد واپسی ہوئی اوررسل ٹوئنٹی20 اسکواڈ تک محدود رہیں گے اور یہ تمام کھلاڑی تنہا ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے صلاحیت رکھتے ہیں۔ کرس گیل نے دورہ ہندوستان اور بنگلہ دیش سے عدم دستیابی ظاہر کی تھی جس کی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ جیسن ہولڈر کی زیر قیادت ونڈے ٹیم میں فیبیان ایلن،سنیل ایمبرس،دیوندرا بشو، چندر پال ہیمراج،شمرون ہٹ میئر،شائی ہوپ،الزاری جوزف، ایون لوئس،ایشلے نورس،کیمو پال،روومین پاول،کیمار روچ،مارلن سیمیولز اور اوشانے تھامس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سلیکشن کمیٹی نے دونوں فارمیٹس کیلئے تین،تین نئے پلیئرز کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے جن میں سے فیبیان ایلن اور اوشانے تھامس دونوں طرز کے میچوں میں چندر پال ہیمراج صرف ونڈے جبکہ اوبید میکائے ،کھارے پائرے اور شیرفانے ردرفورڈ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کھیلیں گے۔ ویسٹ انڈیز کا ٹوئنٹی20 اسکواڈ کپتان کارلوس براتھویٹ،فیبیان ایلن،ڈیرن براوو،شمرون ہٹ میئر،ایون لوئس،اوبید میکائے ،ایشلے نورس،کیمو پال، کھارے پائرے ،کائیرون پولارڈ، روومین پاول،دنیش رامدین، آندرے رسل،شیرفانے ردرفورڈ اور اوشانے تھامس پر مشتمل ہے۔