ہند۔افغان مقابلہ ڈرا،شہزاد مین آف دی میچ

دبئی۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ 2018 کے سوپر4 کا پانچواں میچ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان انتہائی دلچسپ ہوا کیونکہ یہ میچ ٹائی رہا۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد شہزاد کی سنچری کی بدولت 8 وکٹ کے نقصان پر 252 رن بنائے تھے، جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم پچاسویں اوور میں ایک گیند قبل ہی 252 رن بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔ دونوں اننگز کے دوران ہیرو رہے افغانستان کے اوپنر محمد شہزاد کو مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب تیسرے وکٹ کے طورپرکپتان مہندرسنگھ دھونی کو امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہونا پڑا۔ دھونی ریویو بھی نہیں لے سکتے تھے، کیونکہ کے ایل راہول نے آوٹ ہونے کے بعد ریویو لے لیا تھا، جو ضائع ہوا ۔ دھونی نے آوٹ ہونے سے قبل 17 گیندوں پر8 رن بنائے۔ انہیں جاوید احمدی کی گیند پرآوٹ دیا گیا۔ہندوستان کی طرف سے راہول نے60 اور امباتی رائیڈو نے 57 رنوں کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ دنیش کارتک نے 44 رن بنائے۔ افغانستان کا آخری شکار رویندر جڈیجہ نے 25 رن بنائے لیکن وہ ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ افغانستان کی طرف سے راشد خان، محمد نبی اور آفتاب خان نے فی کس دو وکٹ حاصل کئے جبکہ جاوید احمدی کو ایک وکٹ ملی جبکہ تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل اوپنرس راہول اورامباتی رائیڈو دونوں نے نصف سنچری بنائیں۔ آوٹ ہونے سے قبل انہوں نے ٹیم کو جیت کے راستے پرپہنچا دیاتھا، لیکن اوپنرس کے بعد جب کپتان دھونی آوٹ ہوئے تو افغانستان نے میچ میں واپسی کرلی اور میچ کے آخر تک میچ میں دلچسپی بنی رہی۔ہندوستان اور افغانستان کے درمیان یہ مقابلہ ٹائی ضرور ہوگیا، لیکن افغانستان نے کرکٹ شائقین کا دل جیت لیا۔ ایشیا کپ کے سوپر 4 میں پہنچی کوئی بھی ٹیم ایسی نہیں ہے، جس کو افغانستان نے زبردست ٹکر نہ دی ہو۔اس سے قبل افغانستان نے ہندوستان کے خلاف 50 اوورمیں 8 وکٹ کے نقصان پر 252 رن بنالئے۔ اوپنرس کے بہترین آغازکے بعد مڈل آرڈرتاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا ہے لیکن اس درمیان محمد شہزاد نے اپنی سنچری مکمل کرلی جبکہ محمد نبی نے نصف سنچری بنائی۔دونوں کی بہترین اننگز کی بدولت ہی افغانستان بہتر اسکور تک پہنچ سکا۔محمد شہزاد نے طوفانی سنچری لگاتے ہوئے 124 رنوں کی اننگز کھیلی جبکہ محمد نبی نے 56 گیندوں میں 64 رن بنائے۔ انہوں نے 4 چھکے اورتین چوکے لگائے۔ ہندوستان کی طرف سے رویندر جڈیجہ نے تین وکٹ لئے جبکہ کلدیپ یادوکو دووکٹ ملے۔ خلیل احمد، جادھواورچہرکو فی کس ایک وکٹ ملی۔