ہندکیلئے دہری خوشی! پیس اور ثانیہ جوڑیاں فائنلس میں داخل

یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز اور ویمنس ڈبلز میں ہنگس دونوں ہندوستانیوں کی مشترک پارٹنر ۔ جونیر سیکشن میں کرمن کور کا سفر ختم
نیویارک ، 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی پرستاروں کیلئے دہری خوشی میں ویٹرن ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور ثانیہ مرزا مشترک پارٹنر مارٹینا ہنگس کے ساتھ زبردست مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ترتیب وار یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز اور ویمنس ڈبلز ڈرا کے فائنلس میں پہنچ گئے ہیں۔ چوتھے سیڈز پیس اور ہنگس ٹاپ فام میں دکھائی دیئے جیسا کہ انھوں نے سکنڈ سیڈ جوڑی روہن بوپنا اور چائنیز تائپی کی یونگ۔جان چان کے سخت چیلنج کو 6-2، 7-5 سے ناکام بنایا۔ دونوں ٹیموں نے فی کس چار ایسس مارے لیکن بوپنا۔ چان جوڑی ازخود غلطیوں کے معاملے میں پریشان ہوئی، جو پیس اور ہنگس کے 9 کے مقابل 12 درج ہوئے۔ انڈو۔ سوئس جوڑی کو اب امریکی حریفوں بیتھانی ماتیک۔ سینڈز اور سام کیوری کا سامنا کرنا ہوگا۔ قبل ازیں ہنگس نے ثانیہ کے ساتھ مل کر بھی شاندار کھیلا اور اس جوڑی نے اطالوی حریفوں سارہ ایرانی اور فلاویا پنیٹا کے خلاف معاملے کو 6-4، 6-1 کے ساتھ نسبتاً آسانی سے نمٹا لیا۔ ٹاپ سیڈ جوڑی دوسرے سیمی فائنل کے ونرز کا مقابلہ کرے گی، جو کاسی ڈیلاکوا (آسٹریلیا)۔ یاروسلاوا شویدوا (قازقستان) اور اینا۔ لینا گرینفلڈ (جرمنی)۔کوکو وانڈیویگھے (امریکہ) کے درمیان ہورہا ہے۔ دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں نے کورٹ 17 پر کامیابی درج کرائی جہاں قوم کے متعدد ٹینس پرستار اپنے اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے اور حمایت کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔ پیس نے تمام شائقین کا شکریہ ادا کیا، جو وہاں موجود تھے۔ ’’میں یہاں موجود تمام ہندوستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو میری اور مارٹینا اور دیگر میچ میں ثانیہ اور مارٹینا کی بھی تائید میں آئے ہیں۔‘‘ تاہم جونیر گرلز سنگلز کیٹگری میں مایوسی ہوئی کیونکہ کرمن کور تھانڈی کی جیت کا سلسلہ تھرڈ راؤنڈ میں دلما گالفی کے خلاف ختم ہوگیا۔ 17 سالہ ہندوستانی کو سکنڈ سیڈ جرمن حریف کے مقابل 6-4، 7-6 سے شکست ہوئی۔