ڈونگ ہیئ سٹی (کوریا)۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے کوریا کے خلاف مقابلہ ہفتہ کو 1-1 سے ڈرا کھیل کر پانچویں خاتون ایشین چیمپئنز ٹرافی کے خطابی مقابلے میں جگہ بنا لی۔ہندوستان نے اس سے پہلے جاپان کو 4-1 سے ، چین کو 3-1 سے اور ملائیشیا کو3-2 سے شکست دی تھی اور اب اس نے کوریا سے ڈرا کھیل کر اپنی ناقابل تسخیر مہم کو برقرار رکھاہے ۔ ہندوستان کا اب اتوار کو فائنل میں ہندوستانی وقت کے مطابق 11.30 بجے کوریا کے ساتھ ہی مقابلہ ہوگا۔کوریا نے دوسرے کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر پر سیول کی چیون کے گول سے برتری حاصل کرلی۔ ہندوستان کو 49 ویں منٹ میں لالرینسیامی نے گول کرکے برابری دلائی۔