ہندوستان کے ہاتھوں آسٹریلیا کو شکست

ایپوہ ۔ 11اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشیا میں جاری ادلان شاہ کپ ہاکی ٹورنمنٹ کے ایک انتہائی دلچسپ و سنسنی خیم مقابلے میں ہندوستان نے عالمی چمپئن اور اذلان شاہ کپ کے حامل آسٹریلیا کو آج 4-2 سے شکست دے دی ۔ جواں سال اسٹرائیکر نکن تھمیا کی شاندار ہیٹ ٹرک سے ملنے والی اس کامیابی کے ساتھ ہندوستانی ہاکی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں تیسرا اور چوتھا مقام حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوگئیں ‘ لیکن خطابی مقابلہ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہندوستانی ٹیم نے کسی دباؤ میں آئے بغیر آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجہ میں عالمی چمپئن کو میچ کے اکثر حصہ میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کامیابی نے نئے کوچ وان ایس کو بھی ایک خوشگوار لمحہ فراہم کردیا ‘ ان کے تقرر کے چند دن بعد ہی اس ٹیم کو یہ کامیابی حاصل ہوئی ۔ ہندوستانی ٹیم نے تمام چار کوارٹرس میں ایک ایک گول بنایا ۔ وی آر راگھون نے پہلے ہی منٹ میں ایک گول بنایا ‘ بعد ازاں نکن نے 23ویں ‘ 32ویں اور 60ویں منٹ میں تین گول بنائے ۔ آسٹریلیا کے ڈئینل بیل 14ویں اور مٹ گیوڈز 53ویں منٹ میں مجموعی طور پر دو گول بناسکے ۔

اس کامیابی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم اس لیگ میں سات پوائنٹس کے ساتھ اپنی مہم ختم کرچکی ہے جو پانچ کھیلوں میں حاصل ہوئے اور اب تیسرے یا چوتھے مقام کیلئے کل اس کا مقابلہ کوریا یا نیوزی لینڈ سے ہوگا ۔ آسٹریلیا کی ٹیم سارے میچ کے دوران ہندوستانی فارورڈس کے تحت دباؤ میںرہی اور اس کی دفاعی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام رہی ۔ آسٹریلیا کے دو گول کے سوا ہندوستانی ٹیم کے مظاہرہ میں دسری کوئی کمی نہیں دیکھی گئی ۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے چار کھیلوں کے بعد بالاخر آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک ایسی ٹیم کے خلاف شاندار کھیل کا آغاز کیا جو فی الحال ہاکی کی دنیا کی چمپئن ہے ۔