ہندوستان کے مالیتی نظام پر عوام کا بھروسہ ختم : گوگوئی

گوہاٹی ۔ یکم جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی ایک شیر سواری رکرہے ہیں وہ اب اس سے اترنے کی ہمت بھی نہیں کرسکتے ۔ سابق چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے آج کہا کہ ہندوستان معاشی بحران کے دور سے گذر رہا ہے اور مالیتی نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معمول کی حالت بحال ہونے کیلئے تین دن نہیں لگیں گے جیسا کہ وزیراعظم کا دعویٰ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ کتنے دن لگ جائیں گے ‘ تاہم یہ بات یقینی ہے کہ تین دن میں معمول کے حالات بحال نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی خود اپنی رقم حاصل کرنے پر تحدیدات آزاد ہند کی تاریخ کا اولین واقعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ہندوستانی مالیتی نظام پر عوام کا بھروسہ ختم ہوچکا ہے ۔ 50دن کے اندر قانون میں 60مرتبہ تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ ایسا اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا ۔ عوام کو اب خود وزیراعظم کے عہدہ پر بھی بھروسہ نہیں رہا اور یہ ملک کیلئے کوئی اچھی علامت نہیں ہے ۔