ہندوستان کے خلاف مستقبل میں سیریز ہوگی:پی سی بی

کراچی۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تنازعات کو حل کروانے کی کمیٹی کے فیصلے کو قبول کرے گی۔انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ آئی سی سی کے پاکستان کے حق میں فیصلے کی صورت میں ہند۔پاک باہمی سیریز کو مستقبل کے دوروں کے پروگرام (ایف ٹی پی) 2019-2023 میں کھیلا جائے گا۔کولکتہ میں آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاسوں میں شرکت کے بعد وطن واپس آنے پر نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشروط طور پر ایف ٹی پی کی دستاویزات پر دستخط کردیئے ہیں۔ہم نے یہ بات واضح کردی ہے کہ اگرکمیٹی نے اکتوبر میں ہمارے حق میں فیصلہ سنایا تو ہندوستان کو نئے ایف ٹی پی پروگرام میں ہمارے خلاف کھیلنا ہوگا۔ انہوں نے دستاویزات پر دستخط اس شرط پر کیا ہے کہ اگر آئی سی سی کمیٹی نے پی سی بی کے حق میں فیصلہ دیا تو ہندوستان کو ایف ٹی پی میں شامل کیا جائے گا۔ اگر فیصلہ ہمارے حق میں نہیں آتا تو بھی ہم نے نئے ایف ٹی پی میں 123 میچز کھیلنے کی تصدیق کروالی ہے جو اچھا اقدام ہوگا۔کولکتہ میں اجلاس میں آئی سی سی نے ایف ٹی پی کو حتمی شکل دے دی تاہم حالیہ شیڈول میں ہند۔پاک مقابلوں کو شامل نہیں کیا گیا۔پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی میں معاوضے کا مقدمہ بھی دائر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ بی سی سی آئی نے 2014 میں ہوئے معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔آئی سی سی نے کہا ہے کہ ان کی تنازعات کو حل کرنے والی کمیٹی اکتوبر کے مہینے میں دبئی میں 4 روزہ اجلاس کے بعد پاکستان کے 7 کروڑ ڈالر معاوضے کے دعوے پر فیصلہ سنائے گی۔نجم سیٹھی نے اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان معاوضے کا مقدمہ جیت جائے گا کیونکہ ان کی قانونی ٹیم نے بی سی سی آئی کے خلاف مضبوط مقدمہ تیار کیا ہے۔پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہمارا موقف اب بھی وہی ہے کہ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان 2014 میں آئی سی سی اجلاس کے دوران دستخط کیے جانے والے معاہدہ پر عمل کیا جائے، جس میں کہا گیا تھا کہ 2015 سے 2023 کے دوران 6 مشترکہ سیریز کھیلی جائیں گی۔بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ایم او یو کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور اس میں ایک شرط رکھی گئی تھی کہ پاکستان کو ’بگ 3‘ گورننس سسٹم کی حمایت کرنی ہوگی جو اب باقی نہیں نیزانہیں حکومت کی جانب پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے اجازت درکار ہے۔نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ پاکستان کو ہندوستان کے ساتھ کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن پہلے آئی سی سی کو مقدمہ کا فیصلہ کرنا ہے۔