ہندوستان کے خلاف سری لنکا 286/8

اینجیلو میتھیوز کی شاندار ناٹ آوٹ سنچری
رانچی 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے ہندوستان کے خلاف سیریز کے آخری ونڈے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے مقررہ 50 اوورس میں آٹھ وکٹس کے نقصان سے 286 رنز اسکور کئے ہیں۔ سری لنکا کے اس اسکور میں اس کے کپتان اینجیلو میتھیوز کا اہم رول رہا جنہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 139 ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ۔ مہیندر سنگھ دھونی کے ہوم گراونڈ پر ان کی موجودگی کے بغیر ہونے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس کے اوپنر ڈک ویلا صرف چار رن بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ تیسرے نمبر پر کھیلنے آئے چنڈیمل بھی صرف پانچ رنز ہی بناسکے ۔ تاہم ایک اور اوپنر تلک رتنے دلشان نے قدرے بہتر بیٹنگ کی اور انہوں نے 24 گیندوں مںے سات چوکوں کی مدد سے 35 رن بنائے ۔ انہیں اسٹیورٹ بنی نے بولڈ کیا ۔ ڈک ویلا کو کلکرنی نے رائیوڈو کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا جبکہ چنڈیمل کو اکثر پٹیل کی گیند پر روہت شرما نے کیچ آوٹ کیا ۔ سابق کپتان جئے وردھنے بھی پانچ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر اشون کا شکار بنے ۔ اس وقت تھیرامنے اور اینجیلو میتھیوز نے شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا ۔ میتھیوز نے 116 گیندوں کا سامنا کیا اور دس چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 139 رنز اسکور کئے ۔ تھیرامنے نے 76 گیندوں میں ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے ۔ وہ اشون کی گیند پر رائیڈو کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے ۔ تھسارا پریرا کو چھ رن کے انفرادی اسکور پر اکثر پٹیل نے آوٹ کیا جبکہ دھول کلکرنی نے پراسنا کو دوسرا اور اجنتا مینڈس کو تیسرا شکار بنایا ۔ دھول کلکرنی ہندوستان کے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 57 رنوں کے عوض تین وکٹس حاصل کئے ۔ اکثر پٹیل اور اشون کو دو دو وکٹیں حاصل ہوئیں ۔