میزبان ٹیم کے چیلنج کا سامنا کرنے نیوزی لینڈ تیار : ولیمسن
نئی دہلی ۔ 14 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور کوچ مائیک ہیسن نے مشترکہ طورپر اعتراف کیا ہے کہ ہندوستان کے خلاف سیریز میں اسپنرس کا کلیدی کردار ہوگا اور مہمان بیٹسمینوں کو روی چندرن اشون اور ان کے ساتھی اسپنرس کے خلاف بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا ، نیز مہمان اسپنرس کو یہاں کے حالات سے جلد از جلد خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا ۔ ولیمسن نے یہ اظہار کرنے میں بالکل ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی کہ اس سیریز میں اسپنرس کا اہم رول ہوگا ۔ ولیمسن نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیریز میں بھی اسپن بولروں نے اہم رول ادا کیا تھا اور بیٹنگ کے لئے حالات مشکل کردیئے تھے ، اور اس مرتبہ بھی اس میں شک نہیں کہ مہمان بیٹسمینوں کیلئے حالات آسان نہیں ہوں گے لیکن اس کے ساتھ ہی ہماری صف میں تین اسپنرس موجود ہیں ۔ ولیمسن نے اعتراف کیا ہیکہ ہندوستان کیخلاف اُسی کی سرزمین پر کھیلنا انتہائی سخت ترین چیلنج ہوتا ہے ، لیکن بحیثیت ٹیم ہم اس چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ مہمان ٹیم کے کوچ ہیسن نے کہاکہ برصغیر میں موجود اسپنرس کیلئے سازگار وکٹوں کی مناسبت سے نیوزی لینڈ میں وکٹیں تیار کرنا ، حتیٰ الامکان ناممکن ہے ۔ ہیسن نے اُمید ظاہر کی کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں موجود خاص کر مچل سنٹینر اور ایش سودھی بھی یہاں کے حالات سے جلد از جلد خود کو ہم آہنگ کرلیں گے ۔ ہیسن نے کہا کہ کوکابورا سے کھیلا گیا سڈنی ٹسٹ کے برعکس یہاں کے حالات مختلف ہوں گے لیکن حالیہ عرصہ میں ہندوستان کی سرزمین پر بیرونی اسپنرس نے بہتر مظاہرہ کیا ہے
اور ہمیں اُمید ہے کہ ہماری ٹیم میں موجود اسپنرس بھی برصغیر کے حالات سے خود کو ہم آہنگ کرتے ہوئے میزبان اسپنرس کی طرح مظاہرہ کریں گے ۔ کوچ نے ریورس سوئنگ پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے حالات ریورس سوئنگ کیلئے سازگار ہوں گے اور ہمارے فاسٹ بولروں کو اس سہولت سے استفادہ کرنا ہوگا ۔ ہیسن کے بموجب وہ سمجھتے ہیں کہ جب وکٹ پر نئی گیند کو سوئنگ نہیں ملتی تو ریورس سوئنگ کے امکانات موجود رہتے ہیں اور ہمیں اس سہولت سے استفادہ کرنا ہوگا ۔ میزبان کپتان ویراٹ کوہلی کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن جنھیں خود موجودہ دور کا ایک بہترین بیٹسمین قرار دیا جاتا ہے نے کہا کہ وہ ویراٹ کوہلی کی ستائش کرتے ہیں کیوں کہ انھوں نے حریف کپتان سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ ولیمسن کے بموجب کوہلی نے جس طرح تینوں طرز کی کرکٹ میں جارحانہ بیٹنگ کے ذریعہ اپنی برتری ظاہر کی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ اس وقت دنیائے کرکٹ کے چار بہترین بیٹسمینوں میں ولیمسن اور کوہلی کے علاوہ انگلینڈ کے جیوروٹ اور آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ کو شامل کیا جاتا ہے ۔ اس ضمن میں ولیمسن نے کہا کہ اسمتھ اور روٹ ایک عظیم کھلاڑی ہیں لیکن ہم چاروں کاکھیل کا انداز اور طاقت مختلف ہے ۔ 26 سالہ ولیمسن کا ٹسٹ کیرئیر انتہائی شاندار اعداد و شمار پر مشتمل ہے جیسا کہ انھوں نے 51 سے زائد کی اوسط سے تاحال 4393 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 14 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ یاد رہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا آغاز 22 ستمبر کو کانپور ٹسٹ سے ہورہا ہے ۔