ہندوستان کی ترقی ، قومی یکجہتی پر منحصر

نظام آباد :7؍ اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ہندوستان ایک مذہبی ملک ہے اور اس کی خوبصورتی کا دارومدار یکجہتی پرمنحصر ہے ۔ ہندوستانی شہری ایک دوسرے کے مذہب کو سمجھیں اور اس میں سے جو چیزیں ہماری اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کیلئے بہتر ہوں اسے لے لیں اور اس پر سختی کے ساتھ عمل پیرا ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار سوامی شری رامانند سرسوتی اسٹیٹ سکریٹری سناتھن برہماگنا سادھو پریشد نظام آباد نے جماعت اسلامی ہند شہر نظام آباد کی جانب سے راجیو گاندھی آڈیٹوریم میں منعقدہ جلسہ عید ملاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ موصوف نے جماعت اسلامی کے قائدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہرسال اس طرح کے عید ملاپ کے پروگرام منعقد کرکے ہندو مسلم سکھ عیسائی تمام کو ایک جگہ جمع کرکے اپنی رمضان کی عید کی خوشیوں میں ہمیں بھی شامل کرتے ہیں۔ اس کی تقلید دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی کرنی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ ایک خدا کی بندگی میں ہی ساری انسانیت کی بھلائی ہے ۔ سولمن جاشوا پاسٹر صدر عیسائی مذہب کی نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے بندگانِ خدا کی خدمت کرکے اپنے خداکو راضی کیاتھا اس طرح ہم کو بھی انسانوں کی خدمت اور ان کے دکھ درد میں حصہ لے کر انسانیت کی خدمت کرنا چاہئے جس طرح جماعت اسلامی اس ملک میں کام کرتی ہے ۔ صادق احمد سکریٹری ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے تلگوزبان میں عید ملاپ کے منعقدکرنے کے مقصد کو بہت ہی تفصیل کے ساتھ پیش کیا اور انہوںنے حضورﷺ کی زندگی کے اہم پہلوئوں کو مہمانوں کے سامنے اجاگر کیا۔ جس میں خصوصیت کے ساتھ انسانیت کی بھلائی اور ایک خدا کی بندگی کی طرف دعوتی پہلوشامل ہیں۔ محمد عبدالعزیز سکریٹری جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ آج اس ملک کو حضور ﷺ کی زندگی کے کارناموں کی سخت ضرورت ہے خصوصیت کے ساتھ جن حالات سے ہمارا ملک گذررہاہے جس میں فرقہ پرستی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ محمدؐ نے لوگوں کے سامنے یہ بات رکھی تھی تم میں سب سے بہتر آدمی وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہوں۔ دعوتی کاموں کی انجام دہی کے ذریعہ ہی ہم نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ مسلمانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام کے پیغام کو برادران وطن تک پہنچائیں۔ یہی وہ کام ہے جو آپؐ کی آمد کا مقصد تھا۔ سید شہاب الدین نے تلاوت قرآن حکیم کی اور تلگو ترجمہ پیش کیا۔