ہندوستان کی اولمپک رکنیت بحال

نئی دہلی ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً ایک برس بعد ہندوستان کی اولمپک رکنیت بحال کردی گئی ہے جیسا کہ ہندوستانی اولمپک کمیٹی میں بدعنوان عہدیداروں کو برخاست کرتے ہوئے اس کے صاف و شفاف انتخابات اور نئے عہدیداروں کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے اس پر عائد پابندی کو برخاست کردیا ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک اسوسی ایشن نے 14 ماہ بعد انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) پر عائد پابندی کو برخاست کردیا ہے چونکہ اتوار کو آئی او اے کے انتخابات منعقد ہوئے جس میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے صدر این سرینواسن کے چھوٹے بھائی این راماچندرن بحیثیت صدر منتخب ہوئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہارخیال کرتے ہوئے آئی او اے کے نومنتخب سکریٹری جنرل راجیو مہتا نے کہا ہیکہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ہمیں ٹیلیفون کرتے ہوئے مطلع کیا ہیکہ اسوسی ایشن پر عائد پابندی برخاست کردی گئی ہے۔

آئی او سی کے صدر کو ہندوستانی اولمپک کمیٹی کے حالیہ منعقدہ انتخابات کی جو رپورٹ اس کے مبصرین کی جانب سے فراہم کی گئی، اس پر بین الاقوامی تنظیم نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کی رکنیت کو بحال کردیا ہے۔ ہندوستان کی رکنیت بحال ہونے کے بعد اب روس میں رواں سوچی اولمپکس میں شرکت کررہے ہندوستانی اتھیلیٹ قومی پرچم ترنگا کے تلے مقابلوں میں شرکت کریں گے کیونکہ پابندی کی وجہ سے ہندوستانی اتھیلیٹس ان مقابلوں میں قومی پرچم کے بجائے اولمپکس کے جھنڈے تلے مقابلوں میں شرکت کررہے ہیں۔