ہندوستان کیخلاف پاکستان کی قانونی ٹیم کا اعلان

لاہور7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانکیخلاف ہرجانہ مقدمہ کیلئے پی سی بی نے اپنی دو رکنی قانونی ٹیم تیار کرلی ہے جو خواجہ احمد حسین اور سلمان نصیر پر مشتمل ہو گی اور ہندوستان کیخلاف ہرجانے کی وصولی کے معاملے میں قانونی جنگ لڑے گی۔ واضح رہے کہ باہمی سیریز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کیخلاف ورزی کرنے پر پی سی بی نے آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی میں درخواست دائر کی ہے اور ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف کی جانب سے ججز پینل کے اعلان کے بعد پی سی بی کے لیگل جنرل منیجر سلمان نصیر اور خواجہ احمد حسین پاکستان کرکٹ بورڈ کی وکالت کریں گے۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ پر 70ملین ڈالرس ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔