لندن ۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) چیمپئنز ٹرافی کے بڑے ایونٹ کے بڑے مقابلے سے پہلے پاکستانی کرکٹرز نے بڑی تیاریاں کر لیں ۔ حسن علی ، حارث سہیل اور فخرزمان نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو نشانہ بنالیا۔ مِنی ورلڈکپ کے بڑے کرکٹ مقابلے کابخاربڑھنے لگا ہے اورپاکستانی آل راؤنڈر حسن علی نے کہا ہے کہ بڑے میچ میں حریف کپتان ویراٹ کوہلی ان کے نشانے پر ہوں گے۔ گھٹنے کے زخم سے صحتیابی کے بعد واپسی کرنے والے حارث سہیل نے کہا ہے کہ ان کی فٹنس زبردست ہے اور روی چندرن اشوین کو قابو کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔ ابھرتے ہوئے بیٹسمین فخر زمان نے کہا کہ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ کی تیاری مکمل ہے لیکن آسٹریلیا سے وارم اپ مقابلے کے بارش کی نذر ہو جانے سے ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ واضح رہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017ء کا آغاز یکم جون کو ہو گا جو 18 جون تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم خطاب کا دفاع کرے گی۔ روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان گروپ بی جبکہ تین روایتی حریف آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ گروپ اے میں شامل ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں 4 جون کو آمنے سامنے ہوں گی۔