ہندوستان کیخلاف ٹسٹ ، اسمتھ کو کپتان بنانے کی حمایت

سڈنی ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک 4 ڈسمبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں شرکت غیریقینی صورتحال کا شکار ہوچکی ہے لہٰذا ان کے غیاب میں ٹیم کی قیادت کیلئے اسٹیون اسمتھ کو بھی مضبوط دعویدار قرار دیا جارہا ہے۔ کلارک کی عدم موجودگی میں نائب کپتان براڈ ہاڈین ٹیم کے قائد ہوں گے لیکن ٹیم کے سابق فاسٹ بولر گلین مائیک گرا اور سابق کپتان کم ہیوز نے اسمتھ کو کپتان بنانے کی حمایت کی ہے۔ گبا میں بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی کے افتتاحی ٹسٹ کیلئے اسمتھ کو کپتان بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کم نے کہا کہ ہاڈن کو کپتان بنانے کا کوئی فائدہ نہیں۔ ان کی بجائے نئے خون اور نوجوان کھلاڑی اسمتھ کو قیادت سونپی جانی چاہئے جیسا کہ وہ بہتر فام میں ہونے کے علاوہ شیفلڈ شیلڈ کے فائنل میں انہوں نے مثالی کپتانی کی تھی۔ پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو بھی مستقل کپتان دھونی کی خدمات دستیاب نہیں ہے لہٰذا غیرتجربہ کار ویراٹ کوہلی کے مخالف اسمتھ کو قیادت دی جانی چاہئے۔