ہندوستان کیخلاف جنوبی افریقہ کو’ تری مورتی ‘کی خدمات

ملبورن ۔ 18 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپیئن ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آج اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے دوسرے اور اہم مقابلے کیلئے نٹ میں کافی دیر تک سخت پریکٹس کی تاہم اتوار کو کھیلے جانے والے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کیلئے سخت چیلنجس درپیش رہیں گے کیونکہ حریف جنوبی افریقی ٹیم کو ہندوستان کے سابق کوچ گیری کرسٹن کی خدمات دستیاب ہے جنھوں نے 2008 تا 2011 ء ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کی تھی اور اس مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے ان کی خدمات بطور مشیرحاصل کی ہیں ۔ علاوہ ازیں آسٹریلیا کے سابق بیٹسمین مائیکل ہسی کو ہندوستان کے خلاف اتوار کو کھیلے جانے والے صرف ایک مقابلے کیلئے مشیر مقرر کیا گیاہے ۔ ان دونوں کے ہمراہ سابق فاسٹ بولر ایلن ڈونالڈ بھی کوچنگ عملے کے اہم ستون ہیں ۔

مذکورہ تین کھلاڑیوں کے تجربات کے پیش نظر انھوں نے 26,845 رنز اور 602 وکٹیں بین الاقوامی سطح پر حاصل کی ہیں ۔ ہسی اور کرسٹن نے بین الاقوامی سطح پر مختلف طرز کی کرکٹ میں مذکورہ رنز اسکور کئے ہیں جبکہ وکٹوں کا حصول واحد ڈونالڈ کے نام ہیں جنھوں نے 12 سالہ بین الاقوامی کیرئیر کے دوران یہ وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ کرسٹن ، ہسی اور ڈونالڈ نے آج یہاں سینٹ کیلڈا کے اوئل جنکشن گراؤنڈ پر جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ مختلف سیشنس میں کروائی ہے ۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی اسی گراؤنڈ پر آج نٹ پریکٹس کی ہے اور آئندہ چند دنوں میں بھی وہ پریکٹس کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے جس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی اہم مقابلے سے قبل آرام بھی کریں گے ۔

دریں اثناء ہندوستان کے فاسٹ بولر بھونیشور کمار کی فٹنس پر ہنوز سوالیہ نشان لگا ہوا ہے کیونکہ وہ آج نٹ پریکٹس کے دوران ایکشن میں نظر نہیں آئے ۔ جنوبی افریقی خیمہ میں ہسی توجہ کا مرکز رہے کیونکہ وہ آئی پی ایل کے آئندہ ایڈیشن میں چینائی سوپر کنگس ٹیم کے رکن ہوں گے جس کی قیادت مہیندر سنگھ دھونی ہی کررہے ہیں۔ ہسی آج جنوبی افریقی بائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں جے پی ڈومنی اور کوئنٹن ڈیکاک کے ساتھ تبادلۂ خیال کرتے دیکھے گئے جو ان کھلاڑیوں کو نٹس میں اسپنر کے خلاف بہتر حکمت عملی کے گر سکھاتے دیکھے گئے ۔ بائیں ہاتھ کے چند مقامی اسپنرس کی خدمات حاصل کی گئی تھی جوکہ نٹ میں ڈومنی اور ڈیکاک کے علاوہ ہاشم آملہ کو بولنگ ڈالتے رہے ۔ جن بولروں نے مذکورہ کھلاڑیوں کو اسپین بولنگ ڈالی تھی

اُن میں ایک ہندوستانی نژاد بولر سے تفصیلات حاصل کی گئی اور ان سے استفسار کیا گیا کہ انھیں کس قسم کی ہدایت دی گئی تھی تو انھوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انھیں صرف یہ ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ایسی بولنگ کرے جیسی ہندوستانی اسپنر رویندر جڈیجہ کرتے ہیں ۔ ہسی اور ڈومنی کے درمیان ایک طویل گفتگو بھی دیکھی گئی جس کے دوران ہسی انھیں اسپنر کے خلاف خصوصی اسٹروک بتارہے تھے ۔ ہسی کو جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے کیلئے مشیر مقرر کیا ہے اور وہ اس مقابلے کے بعد اے بی ڈی ویلیئرس کی ٹیم کے ساتھ دوسرے شہر نہیں جائیں گے۔ علاوہ ازیں کرسٹن کو بھی ورلڈ کپ تک ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔ بولنگ شعبہ میں ایلن ڈونالڈ جنوبی افریقی فاسٹ بولروں کے ساتھ کافی مصروف دیکھے گئے ۔