انچیان ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے سنہری کامیابی کے ساتھ 17 ایشین گیمس کی اپنی مہم کا اختتام کیا اور مجموعی طور پر 57 میڈلس کے ساتھ اس نے آج آٹھواں مقام حاصل کیا ہے جیسا کہ کبڈی کے مقابلوں میں اس نے مرد و خواتین دونوں زمرہ کے گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں۔ ہندوستان نے آخری دن دو گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں لیکن مجموعی طور پر اس مرتبہ ایشین گیمس میں اس کی میڈل کی تعداد کم رہی ہے جو کہ مایوس کن ہے۔ خاتون زمرہ میں ہندوستانی ٹیم نے ایران کے خلاف ایک آسان کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرلیا، جبکہ مردوں کی ٹیم کیلئے کامیابی آسان نہیں ہوئی۔ تاہم انہوں نے ایران کو شکست دیتے ہوئے متواتر ساتویں مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ منجوبالا نے ہیمرتھور میں برونز میڈل حاصل کیا تھا لیکن ان سے بہتر مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ کا ڈوپ ٹسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں سلور میڈل کا حقدار قرار دیا ہے۔ اس طرح ہندوستان نے مجموعی طور پر 57 میڈلس حاصل کرتے ہوئے آٹھواں مقام حاصل کیا ہے جس میں 11 گولڈ، 10 سلور اور 36 برونز میڈلس شامل ہیں۔ چین نے 149 گولڈ، 107 سلور، 81 برونز میڈل کے ساتھ مجموعی طور پر 337 میڈل کے ساتھ پہلا مقام جبکہ جنوبی کوریا دوسرا اور جاپان نے تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔