نئی دہلی۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام )ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ سے انکار پر ہندوستان کو کڑی تنقید کا سامنا ہے جس میں اب ہندوستانی کھلاڑی بھی شامل ہو گئے ہیں اور آف اسپنر ہربھجن سنگھ بھی خاموش نہیں رہ سکے اورکہا ہے کہ نئی طرز کی کرکٹ کھیلنے میں نہ جانے بی سی سی آئی کو کیا خوف لاحق ہے۔ ایک تقریب میں موجود ہربھجن سنگھ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ گلابی گیند سے کھیلنا اتنا مشکل نہیں جتنا بظاہر دکھائی دیتا ہے اور چونکہ یہ ایک دلچسپ فارمیٹ ہے لہٰذا ہندوستانی ٹیم کو بھی لازمی ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ کھیلنا چاہئے۔ واضح رہے کہ ہربھجن سنگھ کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب بی سی سی آئی کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے چیف ونود رائے کی جانب سے بھی بی سی سی آئی کے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ نہ کھیلنے کی فیصلے پر کھل کر حمایت سامنے آ چکی ہے۔ونود رائے نے کہا کہ اگرہندوستان آسٹریلیا کیخلاف سیریز جیتنے کیلئے گلابی گیند سے نہیں کھیلنا چاہتا تو اس میں کوئی غلط بات نہیں کیونکہ ہر ٹیم کا مقصد میدان میں اتر کر فتح کا حصول ہوتا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میں دونوں ٹیموں کے پاس برابر کے مواقع ہوں گے اور اگر ہندوستانی ٹیم جلدی آؤٹ ہو گئی تو کیا ہوا اس کے پاس بھی تو حریف کو پریشان کرنے کیلئے موثر فاسٹ بولرس موجود ہیں۔ہربھجن سنگھ نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف ڈے نائٹ ٹسٹ ایک چیلنج ہے جس کا سامنا کرنے میں کوئی خطرہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ جب بادلوں سے گھرے آسمان تلے انگلینڈ کا سامنا کیا جا سکتا ہے تو گلابی گیند سے آسٹریلیا کا مقابلہ کیوں نہیں ہو سکتا۔