بوسن اور کوریا ۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم صرف ایک مقابلے سے دور ہے جس کے ذریعہ وہ ورلڈ گروپ پلے آف میں رسائی حاصل کرسکتی ہے کیونکہ آج یہاں ہندوستانی کھلاڑیوں پر مشتمل ڈبلز جوڑی نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور اسکیٹ مینانی نے کوریا ئی کھلاڑیوں ہیانگ ٹائیک لی اور لم یانگ کیو کو ایک اہم ڈبلز مقابلہ میں 7-6(4) ‘ 5-7‘ 7-6(2)‘ 6-3سے شکست دیتے ہوئے مقابلوں میں 2-1کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔
ٹورنمنٹ کے ابتدائی مقابلے میں شکست برداشت کرنے والے صنم سنگھ نے اس کامیابی کے بعد آن لائن پیغام ٹوئیٹر پر کہا ہے کہ روہن بوپنا اور سکیٹ نے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے ۔ بوپنا نے اپنے کریئر میں پہلی مرتبہ سیکیٹ کے ساتھ جوڑی بنائی ہے اور انہیں ڈبلز کے اس مقابلے میں حریف کھلاڑیوں کی جانب سے سخت چیالنج کا سامنا رہا ۔ جب کہ دوسرے سیٹ میں شکست کے بعد مقابلہ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوچکا تھا ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ کوریائی ٹیم کو اُسی کے میدانوں پر پہلی مرتبہ شکست دیں اور مجموعی طور پر اس کے خلاف 3-6کے ریکارڈ کو مزید بہتر بنائیں ۔