ہندوستان کو پرتھ ٹسٹ میں146 رنز کی شکست

دوسری اننگز میں مہمان ٹیم 140 رنز پر ڈھیر
لیون کو مقابلے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ
26 ڈسمبر کو تیسرے ٹسٹ کا ملبورن میں آغاز

پرتھ ۔18 ڈسمبر (سیاست ڈاکٹ کام )آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 146 رنز سے شکست دے کر4 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کو کامیابی کیلئے 287 رنز کا نشانہ دیا تھا لیکن مہمان ٹیم دوسری اننگز میں صرف 140 رنز ہی بنا سکی۔ ٹسٹ کے آخری دن ہندوستان نے دوسری اننگز 112 رنز5 کھلاڑی آوٹ سے شروع کی اور اس کی باقی کھلاڑی صرف 28 رنز کے اضافے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔آسٹریلیا کی جانب سے تمام بولروں نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ پہلی اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے ناتھن لیون نے اس اننگز میں کپتان ویراٹ کوہلی کی اہم وکٹ سمیت 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ مچل اسٹارک نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے فی کس 2 وکٹیں لیں۔ ہندوستان کی جانب سے دوسری اننگز میں رشبھ پنٹ اور اجنکیا ریہانے فی کس 30 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ6کھلاڑیوں کا ا سکور دہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔آسٹریلیا کے ناتھن لیون سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے انہوں نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ رہے۔ ٹسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 326 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستان کی ٹیم کپتان کوہلی کی سنچری کی بدولت 283 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی نصف سنچری کی بدولت 243 رنز بنا کر 286 رنز کی مجموعی برتری حاصل کی تھی۔ پرتھ ٹیسٹ ’’ڈراپ ان پچ ‘‘ پر کھیلا گیا یعنی یہ ایک ایسی پچ تھی جو میدان سے باہر تیار کی گئی اور پھر اسے لا کر میدان میں بچھا دیا گیا۔ یہ عموماً ایسے میدانوں میں کیا جاتا ہے جنھیں ایک سے زیادہ کھیلوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ پرتھ میں ڈراپ ان پچوں کا استعمال پہلی مرتبہ 1970 کی کیری پیکر ورلڈ سیریز کے دوران کیا گیا تھا۔