نئی دہلی۔14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)بی سی سی آئی نے ایشیا کپ 2020 کی پاکستان کو ملنے والی میزبانی پر اعتراض کیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں بی سی سی آئی حکام نے مطالبہ کیا کہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے پاکستان کو مقابلے کسی تیسرے مقام پر ٹورنمنٹ کروانا چاہئے۔دوسری جانب پی سی بی کا موقف ہے کہ سیکورٹی معاملات میں کافی بہتری آچکی، 2020 میں ایشیا کپ کے انعقاد تک حالات مزید بہتر ہونے کی امید ہے، اس لئے ایونٹ پاکستان میں ہی ہونا چاہئے۔ یاد رہے کہ ہندوستان نے رواں سال پاکستان ٹیم کی وجہ سے ایشیا کپ کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا بعدازاں مقابلے یو اے ای میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا، اب بی سی سی آئی حکام کا بھی مطالبہ ہے کہ پی سی بی ایشیا کپ کے مقابلے پاکستان کے بجائے کسی تیسرے مقام پرکروائیں جائیں۔ یاد رہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کی میزبانی کے بعد پاکستان کرکٹ کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ہے اور پاکستان 2020 کے ٹی20 ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔ 2020 کا ٹی20 ایشیا کپ ماہ ستمبر میں کھیلا جائے گا لیکن ابھی تک ایونٹ کے مقام کا فیصلہ نہیں ہوا ہے اس کا انعقاد پاکستان میں ہو گا یا پاکستان اپنے مستقل ہوم گراؤنڈ متحدہ عرب امارات میں ایشیائی ٹیموں کی مہمان نوازی کرے گا۔مارچ 2009 میں سری لنکائی ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد یہ پہلا موقع ہیکہ پاکستان کو سینئر ٹیم کے کسی بین الاقوامی ٹورنمنٹ کی میزبانی ملی ہے۔2020 میں مینز ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایشیا کپ بھی 20 اوورزکا ہے ۔