ہندوستان کو ٹینس میں پہلا گولڈ میڈل

جکارتہ۔24(سیاست ڈاٹ کام)کشتی رانی کے مقابلے میں ہندستان نے18 ویں ایشیائی کھیلوں میں چمپئن شپ کے چھٹے دن آج گولڈ اور دو برونزمیڈل جیتے۔سویرن سنگھ، دتو بھوکانل، اوم پراکاش اور سومیت سنگھ پر مشتمل ٹیم نے چوگن مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا۔انڈونیشیا اور تھائی لینڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے ۔اس سے پہلے ہندستان کے روہت کمار اور بھگوان سنگھ نے ہلکے پھلکے ڈبل مقابلے میں دو برونز میڈل جیتے ۔علاوہ ازیں تجربہ کار ہندوستانی ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا اور دوج شرن نے قزاقستان کی جوڑی کے خلاف 2-0 کی کامیابی کے ساتھ 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں مردوں کے ڈبلز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ڈبلز کے ماہر بوپنا اور دوج کی جوڑی نے مردوں کے ڈبلز کے سیمی فائنل مقابلے میں قزاقستان کے ایلکزینڈر اور بوبلک اور ڈینس یوسیو کو راست سیٹوں میں 6-3، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے محض 52 منٹ میں ٹینس مقابلہ کا پہلا گولڈ میڈل ہندوستان کے نام کردیا۔ہندوستانی جوڑی نے میچ میں تین میں سے دو بریک پوائنٹس حاصل کئے اور پہلے سروس پر87 فیصد پوائنٹس بنائے ۔ انہوں نے کل 30 ونرس لگائے ۔ قزاقستان کی جوڑی نے دوسری طرف چارڈبل فالٹ کئے اور11 غیر ضروری غلطیاں کیں ۔ ان کے پاس ہندوستانی جوڑی کی چار مرتبہ سروس بریک کرنے کا موقع آیا لیکن وہ ایک بھی بریک پوائنٹ حاصل نہیں کرسکے ۔