ورلڈ کپ
سڈنی؍ نئی دہلی۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کا ورلڈ کپ میں متواتر کامیابی کا سلسلہ آج سیمی فائنل میں ٹوٹ گیا جس کا اثر نہ صرف ٹیم کے ڈریسنگ روم بلکہ سارے ملک میں واضح طور پر محسوس کیا گیا۔ کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ایک طاقتور ٹیم آج آسٹریلیا کے مقابلے ہر شعبہ میں ناکام دکھائی دی۔ شائقین کو اس بدترین شکست کا اندازہ نہیں تھا کیونکہ بولرس کی ناکامی سے آسٹریلیا نے 328/7 کا اسکور کھڑا کیا اور بیٹسمین بھی بری طرح ناکام رہے جس کی وجہ سے ٹیم 233 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان کو سیمی فائنل میں 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان کے تمام بڑے شہروں میں جہاں کل تک ماحول پرجوش تھا، اچانک صورتِ حال تبدیل ہوگئی۔ شائقین غم زدہ تھے اور کئی مقامات پر سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی تھیں۔ میچ کے بعد تقریب میں دھونی اور ان کے ساتھیوں کے چہروں پر مایوس چھائی ہوئی تھی، لیکن سڈنی گراؤنڈ پر شائقین خود کو روک نہ پائے اور وہ بے قابو ہوکر رونے لگے۔ اتوار کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین فائنل مقابلہ ہوگا اور 1987ء کے بعد پہلی مرتبہ کپ کیلئے ایشیائی ٹیم دعویدار نہیں ہوگی۔ کسی ایشیائی ٹیم کے بغیر آخری فائنل 1987ء میں ہوا تھا جہاں آسٹریلیا نے ایڈن گارڈن میں انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دی تھی۔ 1992ء سے 2011ء تک ہندوستان، سری لنکا یا پاکستان کی ٹیمیں فائنل تک پہنچتی رہیں۔