نارتھ ساؤنڈ۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا ویمنس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پہنچ گئے جیسا کہ پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے میزبان ویسٹ انڈیز کو 71 رنز سے شکست دی تو دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو انگلش ٹیم کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ اتوار کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان خطابی مقابلہ ہوگا۔ پہلے سیمی فائنل میں میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مہمان ٹیم کو 143 رنز کا نشانہ دیا۔ آسٹریلیائی بولنگ کے سامنے کالی آندھی نہ ٹک سکی اور پوری ٹیم 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی اس کامیابی سے آسٹریلیا نے بآسانی فائنل کیلئے جگہ بنا لی۔ دوسر ے سیمی فائنل میں ہندوستان نے کروڑہا شائقین کو مایوس کیا کیونکہ ہندوستانی ٹیم شاندرا بیٹنگ کیلئے مشہور ہے لیکن اہم موقع بیٹنگ نے مایوس کیا۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔ پوری ٹیم 20 اوورز میں صرف 112 رنز بنا سکی۔ سمرتی مندنا سے سب سے زیادہ 34 رنز اسکور کئے جبکہ کپتان ہرمن پریت کور 20 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے صرف 16 رنز ہی اسکور کرپائی ۔ جواب میں انگلش ٹیم نے مقررہ ہدف 17.1 اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرلیا، انگلینڈ کی جانب سے ایمی جونز اور نتالی اسکیور نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ وکٹ کیپر ایمی جونس جنھوں نے وکٹ کے پیچھے بہتر مظاہرہ کے بعد بیٹنگ میں بھی 47 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 53 رنز اسکور کئے اور انکے آل راؤنڈ مظاہرے پر انہیں مقابلے کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔