ہندوستان کو سیریز میں شکست،انگلینڈ 2-1 سے کامیاب

لیڈز۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عادل راشد کی شاندار بولنگ اور جو روٹ کی مسلسل دوسرے مقابلے میں دوسری سنچری کی بدولت انگلینڈ نے ہندوستان کو سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ونڈے میچ میں 8وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1۔2 سے اپنے نام کر لی۔ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر روہت شرما صرف 2رنز بنا کر پویلین لوٹے۔اس موقع پر شکھر دھون اورکپتان ویراٹ کوہلی وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے 71رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کے موقف کو مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن 44 رنز بنانے والے دھون وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آوٹ ہوکر پویلین لوٹے۔کوہلی نے دنیش کارتک کے ساتھ مل کر 125 تک پہنچایا ہی تھا کہ عادل راشد نے دنیش کارتک کی وکٹیں بکھیر دیں تاہم ہندوستان کو بڑا دھکا اس وقت لگا جب راشد نے ایک عمدہ لیگ اسپن گیند پرکوہلی کی وکٹیں بکھیر دیں جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔انگلینڈ کو پانچویں کامیابی کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور صرف 2 رنز کے اضافے سے عادل نے سریش رائنا کو بھی پویلین رخصت کر کے ہندوستان کی بڑے اسکور کی امیدوں کو ختم کردیا۔کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم تیزی سے اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر صرف 256رنز ہی بنا سکی، مہندرا سنگھ دھونی 42 بنائے لیکن اس کے لئے انہوں نے 66 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف 4 چوکے لگا سکے جبکہ ہردک پانڈیا اور بھوونیشور کمار نے فی کس 21 رنز کی اننگز کھیلی اور شردل ٹھاکر نے 22 رنز بنائے لیکن اس مختصر اننگز میں انہوں نے تیز رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ٹھاکر نے محض13 گیندوں میں 21 رنز اسکور کئے جس میں 2 چھکے بھی شامل ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد اور ڈیوڈ ولی نے فی کس تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔نشانہ کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیمز ونس اور جانی بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 43 رنز کا تیز ترین آغاز فراہم کیا لیکن ونس 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ 30رنز بنانے والے بیئراسٹو نے برق رفتار انداز اختیار کیا۔73 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ کا ساتھ دینے کپتان ایان مورگن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپنرس کے خلاف بہتر مظاہرہ کیا۔روٹ اور مورگن نے ناقابل شکست 186رنز کی شراکت قائم کر کے 33گیندوں قبل ہی اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرادیا۔جو روٹ نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلانے کے ساتھ کیریئر کی 13ویں سنچری بھی مکمل کی جبکہ مورگن 88رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔عادل راشد کو عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ جو روٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔روٹ کیلئے یہ سنچری ریکارڈ ساز رہی کیونکہ وہ اب انگلینڈ کیلئے ونڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔اس سے قبل زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکاڈر مارکس تھروسکاٹک کو تھا جنہوں نے 12 سنچریاں اسکور کی تھی۔