بنگلور۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)سربیا کی دوسرے درجہ کی ٹیم بھی ڈیوس کپ میں میزبان ہندوستان پر بھاری پڑگئی جیسا کہ ہندوستانی ٹینس اسٹار یوکی بھامبری اور سمدیو دیوورمن کو سنگلز مقابلوں میں شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی۔ اس طرح ڈیوس کپ کے ورلڈ گروپ پلے آف میں ہندوستانی ٹیم کو ابتدائی سنگلز مقابلوں میں 0-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ سربیائی ٹیم جوکہ اپنے اسٹار کھلاڑیوں جن میں ومبلڈن چمپین اور عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ بھی شامل ہیں، ان کی عدم موجودگی کے باوجود مقامی شائقین کی موجودگی میں ہندوستانی کھلاڑیوں کو شکست سے دوچار کیا۔ یوکی بھامبری کو سربیا کے نمبر ایک کھلاڑی ڈوسن لاجووک کے خلاف راست سیٹوں میں 3-6، 2-6، 5-7 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ کے ایس ایل ٹی اے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنگلز کے اس افتتاحی مقابلے میں ہندوستانی کھلاڑی کو تقریباً 2 گھنٹے 4 منٹ طویل مقابلے میں مہمان کھلاڑی نے شکست سے دوچار کیا۔ اُمید کی جارہی تھی کہ سمدیو دیو ورمن دوسرے سنگلز مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے1-1 کا موقف ہندوستان کے لئے حاصل کریں گے لیکن انہیں 2 گھنٹے 23 منٹ کے مقابلے میں مہمان کھلاڑی فلپ کراجی نووک کے خلاف 1-6، 6-4، 3-6، 2-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ سمدیو نے جب دوسرے سیٹ میں حریف کھلاڑی کو کامیابی ہونے نہیں دیا ہے تو امید کی جارہی تھی کہ یہاں سے سمدیو کامیابی کی سمت آگے بڑھیں گے، لیکن اگلے دو سیٹوں میں شکست کے بعد ہندوستانی کی ناکامی یقینی ہوگئی۔ ہندوستان کے لئے لینڈرپیس اورروہن بوپنا پر مشتمل ڈبلز جوڑی سے کامیابی کی امید ہے۔