ہندوستان کو بیرون ملک مظاہروں میں بہتری لانی ہوگی : انوراگ

نئی دہلی ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے جوائنٹ سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہیکہ طاقتور کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کو چاہئے کہ وہ ملک میں کرکٹ کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے چند اہم مسائل کو جلد از جلد حل کریں کیونکہ ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے مایوس کن ہیں اور خصوصاً بیرون ملک ٹسٹ سیریز میں قومی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کر پا رہی ہے۔ ہندوستان جس نے بیرون ملک جو 15 ٹسٹ مقابلے کھیلے ہیں، اس نے اسے 11 مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ 3 ٹسٹ مقابلے بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگئے جبکہ حالیہ دورہ انگلینڈ پر لارڈس میں واحد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹسٹ مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم نے جس طرح مظاہرے کئے ہیں اس نے مجھے کافی مایوس کیا ہے حالانکہ دورہ انگلینڈ پر سیریز کے آغاز میں لارڈس کے تاریخی میدان میں ہندوستانی ٹیم کو جو کامیابی حاصل ہوئی تھی اس کامیابی سے فائدہ نہ اٹھاتے ہوئے ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ریکارڈ ساز کامیابی کا سنہری موقع گنوایا۔

بدقسمتی رہی کہ اس کامیابی کے بعد ٹیم کیلئے حالات بہتر نہیں رہے اور ٹیم نے بہتر مظاہرہ نہ کرتے ہوئے ابتدائی کامیابی کو ضائع کیا ہے۔ علاوہ ازیں ہمیں بیرون ملک مظاہروں کو بہتر بنانے کیلئے محنت کرنی ہوگی اور خصوصاً ٹسٹ مقابلوں میں کھیل کے معیار کو بلند کرنا ضروری ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو آئندہ ماہ ڈسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے جہاں ٹیم کو ایک مکمل سیریز کھیلنی ہے جبکہ گذشتہ دورہ کے موقع پر آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کو 0-4 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور یہ شکست ٹیم کا ہنوز پیچھا کررہی ہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز ٹیم کیلئے ایک اہم سیریز ہوگی اور خصوصاً ٹسٹ مقابلوں کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا لہٰذا ٹیم کے مظاہروں کے ساتھ بی سی سی آئی کو بھی یکساں تشویش لاحق ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور کرکٹ کے شائق کا ماننا ہیکہ بیرون ملک مظاہروں کو بہتر کرنے کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک جماعت تیار کی جانی چاہئے اور ان پر محنت کی جانی چاہئے۔ ٹیم کے مظاہروں کے علاوہ 39 سالہ ٹھاکر نے ہندوستان سے بین الاقوامی ایمپائروں اور میچ ریفریس کی تعداد کو بھی بڑھانے پر زور دیا ہے

اور کہا ہیکہ ہم (کرکٹ بورڈ) مختلف مسائل کو حل کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرچکا ہے جس میں بین الاقوامی سطح پر ایمپائروں اور میچ ریفری کی تعداد کو بڑھانے کا موضوع بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں گھریلو سطح پر کھیلی جانے والی کرکٹ کیلئے بہترین وکٹیں تیار کرنا بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ٹھاکر کے بموجب کئی مسائل موجود ہیں لیکن بورڈ کی کوشش ہیکہ وہ ہندوستانی کرکٹ میں اپنا بہتر تعاون کرے۔ ٹھاکر نے مزید کہا کہ وہ گذشتہ 14 ، 15 برس سے بی سی سی آئی کے ساتھ منسلک ہیں تاہم گذشتہ 3 برسوں سے یہ پہلا موقع ہیکہ وہ اس عہدہ پر موجود ہیں تاہم عہدہ حاصل کرنا اہم نہیں بلکہ کرکٹ کیلئے تعاون کرنا ترجیح ہے۔ 2015ء ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کے موجودہ کوچ ڈنکن فلیچر کے متبادل کے ضمن میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹھاکرنے کہا کہ اس عہدہ کیلئے قومی یا بیرونی جو کوئی بھی امیدوار اہل ہوگا اس کا انتخاب کیا جائے گا کیونکہ ٹیم نے گیری کرسٹن اور جان رائٹ کے ساتھ بہتر مظاہرہ کیا ہے۔