ہندوستان کو بزنس کیلئے سہل مقام بنانے جارحانہ اقدامات جاری

سیول ، 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کوریائی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش میں وزیراعظم نریندر مودی نے آج ہندوستان میں اُن کے لئے تجارت سے متعلق شرائط کو ’’زیادہ سازگار‘‘ بنانے میں ’’شخصی دلچسپی‘‘ لینے کا وعدہ کیا اور کہاکہ اُن کی حکومت شدت کے ساتھ اقدامات کررہی ہے کہ ہندوستان کو تجارت کے لئے نہایت آسان مقام بنادیا جائے ۔ سیول میں سی ای اوز سے زیادہ مستحکم ، قابل قیاس اور شفاف ٹیکس کاری سسٹم کا وعدہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے اُن اقدامات کا خاکہ پیش کیا جو اُن کی حکومت نے کئے ہیں ، جن میں صنعت اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ میں منظوریوں کو تیز تر بنانا اور ایف ڈی آئی کو سہل بنانا شامل ہے۔ مودی نے نو تشکیل شدہ انڈیا ۔ ساؤتھ کوریا سی ای اوز فورم کی پہلی میٹنگ سے خطاب میں کہا ، ’’میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ ہندوستان آئیں اور تبدیلی کا ازخود مشاہدہ کریں ۔ ہم آپ کے ساتھ کام کرنے تیار ہیں نیز آپ کے لئے شرائط کو زیادہ سے زیادہ سازگار بنائیں گے ‘‘۔

ہندوستان کو ’’مواقع کی سرزمین ‘‘ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم ہند نے کہاکہ ہندوستان پالیسی اقدامات کیلئے سازگار سرزمین ہے ۔ علاوہ ازیں حکومت کی طرف سے نیا عہد ہوا ہے کہ ملک کی امیج کو تیزی سے بدلتے ہوئے اُسے بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے 21 سی ای اوز اور دیگر بزنس قائدین سے خطاب میں کہا کہ انفراسٹرکچر بشمول امکنہ ایسا شعبہ ہے جہاں دونوں ممالک ملکر بڑی خوبی سے اور بڑے پیمانہ پر کام کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دیگر شعبے بھی ہیں جیسے پانی ، حمل و نقل ، ریلوے ، بندرگاہیں ، جہازسازی ، برقی ، الیکٹرانکس ، تعمیراتی صنعت و دیگر جن میں دونوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں کے بیشمار مواقع ہیں جن سے دونوں ملکر استفادہ کرسکتے ہیں۔ مودی نے کہاکہ ہندوستان خاص طورپر نوجوانوں کیلئے نوکریاں فراہم کرنے کے بڑے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس کیلئے مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو بڑھاوا دیا جارہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بیرونی راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی ) اہم عنصر ہے اور عالمی سطح پر مسابقتی تجارتی ماحول کے بغیر یہ ہندوستان نہیں آ پائے گی ۔ لہذا ہم ہندوستان کو بزنس کیلئے آسان مقام بنانے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ آئی ٹی اور الیکٹرانکس ، فولاد سازی ، ریلوے ، جہاز سازی اور امکنہ جیسے شعبوں میں کوریائی تجارتی گھرانوں کے ساتھ اشتراک پر زور دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ کوریائی سرمایہ کاروں کیلئے مخصوص میکانزم تشکیل دیا جارہا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ اسے ’کوریا پلس‘ کا نام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ’’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر کوئی مسائل پیش آتے ہیں تو میں شخصی دلچسپی لے کر اُن کی یکسوئی کروں گا‘‘ ۔ گزشتہ گیارہ ماہ میں بی جے پی زیرقیادت حکومت نے بزنس سے متعلق ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے سلسلے وار اقدامات کئے ہیں۔