ممبئی۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا خاتون ٹیم نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہندستانی ٹیم کو ٹوئنٹی 20 سہ رخی سیریز کے پہلے مقابلے میں آج آسانی سے چھ وکٹ سے شکست دے دی۔آسٹریلیا نے ہندوستان کے اس دورہ میں پہلے میزبان ٹیم سے تین میچوں کی ونڈے سریز 3۔0 سے جیتی ہے اور اب اس نے ہندوستانی ٹیم پر مسلسل چوتھی کامیابی درج کر لی ہے ۔ہندستان نے اوپنر سمرتی مدھانا (67) کی شاندار نصف سنچری سے پانچ وکٹ پر152 رنز کا قابل دفاع اسکور بنایا لیکن آسٹریلیا نے18.1 اوور میں ہی چار وکٹ پر156 رنز بنا کر آسان کامیابی حاصل کر لی۔اس سیریز کی تیسری ٹیم انگلینڈ ہے ۔ہندستانی خاتون ٹیم اپنی زمین پر مسلسل شکست کا سامنا کررہی ہے ۔ورلڈ کپ رنراپ ہندستانی ٹیم کو آسٹریلیا سے ون ڈے سریز گنوانی پڑی اور اس کے بعد ہندستان اے ٹیم کو انگلینڈ نے دو ٹوئنٹی20 پریکٹس میچوں میں آسانی سے شکست دی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ہندستان کی جانب سے سمرتی اور انوجا پاٹل کے علاوہ دیگر کوئی کھلاڑی ٹک نہیں سکی ۔متھالی راج نے27 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 18 رنز ہی بنائے ۔ سمرتی نے 41 گیندوں میں 11 چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے67 رنز بنائے ۔ سمرتی نے اس سے پہلے ونڈے سیریز میں بھی دو نصف سنچری بنائی ہیں۔کپتان ہرمن پریت کور نے 13 اور ویدا کرشنامورتی نے 15 رنز بنائے ۔انوجا پاٹل نے 21 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کے لیے ایشلے گارڈنر اور ایلس پیری نے دو دو وکٹ لئے ۔آسٹریلیا کو کامیابی دلوانے میں بیتھ موني (45)، ایلس ولاني (39) اور کپتان میننگ لئنگ (ناٹ آؤٹ 35) کا اہم کردار رہا۔فاسٹ بولر جھولن گوسوامی نے میدان میں شاندار واپسی کرتے ہوئے چار اوور میں 30 رن پر تین وکٹ لئے لیکن یہ آسٹریلیا کو روکنے کے لئے کافی نہیں تھے ۔ پونم یادو کو 22 رن پر ایک وکٹ ملا۔علاوہ ازیں جب مہمان ٹیم نے نشانہ کے تعاقب شروع کیا تھا تو گوسوامی نے اپنے ابتدائی2 اوورس میں 2 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نہ صرف آسٹریلیائی ٹیم کو بحرانی صورتحال سے دوچار کردیا تھا بلکہ ہندوستانی ٹیم کی کامیابی کی قوی امیدیں پیدا کردی تھی لیکن گوسوامی کو دوسرے سرے خاطر خواہ تعاون نہیں ملا جس کی وجہ سے آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو سنبھلنے کا موقع مل گیا۔