میرپور، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) پراعتماد ہندوستانی کرکٹ ٹیم اپنے ردھم کو برقرار رکھنا چاہے گی جبکہ وہ کمزور بنگلہ دیش کے خلاف تین میچ کی او ڈی آئی سیریز کے کل یہاں دوسرے مقابلے کو بھی جیت کر سیریز فتح درج کرانے کی تیاری کررہی ہے۔ تاہم مقامی موسمی پیش قیاسی کھیل کیلئے سازگار نہیں ہے کیونکہ کل بارش ہونے کی توقع ہے۔ افتتاحی میچ
جو بارش کے باعث مختصر کرنا پڑا ، جیت لینے کے بعد سریش رائنا کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف 2-0 کی ناقابل عبور سبقت حاصل کرنا چاہے گی، جو اُن کیلئے آنے والے دنوں میں انگلینڈ کے خلاف او ڈی آئی سیریز سے قبل حوصلہ افزاء رہے گا۔ ٹیم انڈیا کیلئے بیٹسمنوں نے اچھا مظاہرہ کیا ہے بالخصوص چتیشور پجارا اور روبن اتھپا نے اچھا کھیلا۔ کپتان رائنا اور امباٹی رائیڈو امید کریں گے کہ انھیں کریز پر وقت گزارنے کا اچھا موقع ملے گا۔ اگر ہندوستان کل سیریز جیت مکمل کرلیتا ہے تو یہ دورہ کنندگان کیلئے مستقبل کے نقطہ نظر سے اچھا رہے گا کیونکہ اس سیریز میں ہندوستان نے اپنے محفوظ کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔ انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے والے اسپنر پرویز رسول نے بھی متاثر کن مظاہرہ پیش کیا ہے۔