ہندوستان کوتیر اندازی میں سلور میڈل

جکارتہ۔28اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کمپاؤنڈ خاتون تیر اندازی ٹیم کو اچھے آغاز کے باوجود آخری وقت میں کچھ غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا اور انہیں یہاں کوریا کے خلاف 18 ویں ایشیائی کھیلوں کے تیر اندازی مقابلے کے فائنل میں 228۔231 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جس کے بعد انہیں سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ ان کھیلوں کے تیر اندازی مقابلے میں ہندوستان کا یہ پہلا میڈل بھی ہے ۔مسکان کرن، مدھومیتا اور جیوتی سریکھا کی ہندوستانی کمپاؤنڈ تیر اندازی ٹیم نے کوریائی ٹیم کے خلاف سخت مقابلہ کیا اور پہلا سٹ 59۔57 سے اپنے نام کیا لیکن دوسرے سٹ میں وہ دو پوائنٹ سے پچھڑکر 56۔58 سے ہار گئیں۔ تیسرا سٹ بھی دلچسپ رہا جس میں دونوں ٹیمیں 58۔58 کی برابری پر رہیں۔ چوتھے فیصلہ کن سٹ میں کوریائی ٹیم خود اعتمادی سے لبریز نظر آئی اور اس نے شروع میں ہی دو پرفیکٹ 10 کے ساتھ 20۔0 کی برتری بنالی۔ ہندوستانی کھلاڑی مسکان کرن نے پہلے دو تیروں پر 9۔9 کے شاٹ لگائے ۔حالانکہ تیسرے شاٹ پر پرفیکٹ 10 سے ہندوستان کو کچھ راحت ملی لیکن اگلے دو تیروں پر8 اور9 کے شاٹ سے وہ گولڈ میڈل سے دور ہوگئیں۔ آخری تین پر جیوتی سریکھا نے 10 کا اسکور کیا اور ہندوستانی ٹیم یہ سیٹ 55۔58 سے گنواکر گولڈ میڈل سے محروم ہوگئی۔