ہندوستان کوآج نیوزی لینڈ میں کامیابی کا آخری موقع

ویلنگٹن۔13فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پہلے ٹسٹ میں شکست کے بعد حوصلے پست ہونے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹسٹ میں کامیابی کے ذریعہ مایوس کن دورہ نیوزی لینڈ کا اختتام کرنے کی خواہاں ہوگی ۔ مہمان ٹیم کو آکلینڈ میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں 40رنز کی شکست ہوئی تھی ۔ قبل ازیں 5مقابلوں کی ونڈے سیریز میں مہیندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت ٹیم کو 0-4 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔دھونی اور ان کے ساتھ کھلاڑی دورہ نیوزی لینڈ پر کھیلے جانے والے آخری مقابلے میں کامیابی کے ساتھ وطن واپسی کیلئے کوشاں ہوگی ۔2015ء ورلڈ کپ کا نیوزی لینڈ مشترکہ میزبان ہے لیکن برنڈن مکالم کی زیر قیادت ٹیم کے بولروں کی جانب سے اُچھال لیتی گیندوں کا مہمان بیٹسمین کا سامنا کرنے میں ناکام ہوئے ہیں جبکہ پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں بہتر مظاہرہ کے باوجود ایڈن پارک کا مقابلہ چوتھے دن ہی ختم ہوگیا ۔ پہلے ٹسٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم کا مظاہرہ صرف ایک مرتبہ دوسری اننگز کی بیٹنگ میں بہتر بیٹنگ کا مظاہر کرپائی ہے

۔پہلے ٹسٹ میں شکست کی وجہ ’ ہری وکٹ ‘ کو قرار دیا جارہا ہے تو دوسرے ٹسٹ کیلئے بھی کیوریٹر بریٹ سہپ تھروپ کی جانب سے ڈسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جو وکٹ تیار کی گئی تھی وہی وکٹ ہند ۔نیوزی لینڈ دوسرے ٹسٹ کیلئے بھی دستیاب ہے یعنی پھر ایک مرتبہ ہندوستانی ٹیم کا سبز قالین پر استقبال کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف اس وکٹ پر منعقدہ مقابلہ صرف 3دنوں میں ختم ہوگیا تھا ‘ جہاں نیوزی نے ایک اننگز کی بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستانی ٹیم کے بولروں نے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 500 سے زائد رنز دینے کی بعد دوسری اننگز میں شاندار واپسی کی تھی اور میزبان ٹیم کو 105 رنز پر ڈھیر کیا لیکن ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں وہ 40رنز سے پیچھے رہ گئی ۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ ٹیم کے لئے حالات مشکل ترین کرنے والے بولروں میں محمد سمیع‘ ایشانت شرما اور ظہیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور انتظامیہ کو امید ہے کہ دوسرے ٹسٹ میں بھی وہ ایک یادگار مظاہر کریں گے ۔دوسرے ٹسٹ کیلئے ہندوستانی ٹیم میںکوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے جبکہ ونڈے سیریز اور پھرٹسٹ کی دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کیلئے اعظم ترین اسکور بنانے والے راس ٹیلر دوسرے ٹسٹ میں شرکت نہیں کررہے ہیں کیونکہ وہ اپنی متوقع دوسری اولاد کی پیدائش کے موقع پر اہل خانہ کے ساتھ رہیں گے ‘ ٹیلر کی عدم موجودگی میں 21سالہ بیٹسمین ٹام لیتھم کو ٹسٹ کریئر کے آغاز کا موقع فراہم کیا جارہاہے جو کہ نمبر 4پر بیٹنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔