بھوبھنیشور۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے پہلے مقابلے میں بیلجیئم اور پھرمیزبان ہندوستان کی ٹیموں نے کامیابی کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرتے ہوئے اپنے اپنے میچوں میں کامیاب حاصل کر لی۔ کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دن کے دوسرے میچ میں میزبان ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 کے بھاری فرق سے شکست دی۔ ہندوستان کی جانب سے مندیپ سنگھ نے 9ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جسے آکاش دیپ نے 12ویں میں گول کر کے دگنا کردیا۔ میچ کے پہلے کوارٹر تک ہندوستان کو 0-2 کی برتری حاصل تھی جس میں وہ دوسرے کوارٹر میں کوئی اضافہ نہ کر سکے۔ میچ کے 40 ویں منٹ تک مزید کوئی گول نہ ہوا لیکن اگلے چھ منٹوں میں ہندوستان نے تین گول بناکرجنوبی افریقہ کی میچ میں واپسی کی رہی سہی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔ 43ویں منٹ میں مندیپ سگھ نے گول کیا جبکہ دو منٹ بعد آکاش دیپ نے بھی اپنا دوسرا گول اسکور کر لیا۔ ابھی جنوبی افریقی ٹیم ان حملوں سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ میچ کے آخری کوارٹر کے پہلے منٹ میں سمرن جیت نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو 0۔5 کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔بھوبھنیشور میں جاری ہاکی کے ورلڈ کپ کا پہلا میچ بیلجیئم اور کینیڈا کے درمیان کھیلا گیا جہاں بیلجیئم نے تیسرے منٹ میں فیلکس ڈینائر کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ میچ کے دوسرے کوارٹر میں بھی بیلجیئم نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان تھامس بریلس نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔