ہندوستان کا نشانے کے تعاقب میں مایوس کن ریکارڈ

لندن۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست نے ہندوستانی طاقتور بیٹنگ لائن کی ناکامی کو پھر ایک مرتبہ نمایاں کردیا ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق ہندوستان نے گذشتہ دو برس میں 8 مرتبہ کامیابی کیلئے نشانے کا تعاقب کیا ہے جس میں سے اسے پانچ مرتبہ شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ ٹسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں ہندوستانی بیٹسمینوں کا ریکارڈ ان کیلئے شرمندگیوں سے بھرپور ہے۔ انگلینڈ کیخلاف ایجبسٹن کے پہلے ٹسٹ میں ٹیم 194 رنز جبکہ رواں برس کے اوائل میں جنوبی افریقہ کیخلاف کیپ ٹائون میں 208 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔علاوہ ازیں چوتھے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 245 رنز کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم ایک وقت 123 پر صرف 3 کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کیا تھا اور وکٹ پر ویراٹ کوہلی اور اجنکیا راہانے موجود تھے اور ٹیم کی کامیابی کے امکانات روشن تھے لیکن کوہلی اور راہانے کے آوٹ ہونے کے بعد باقی کھلاڑی جلد آوٹ ہوگئے۔ گذشتہ دو برس میں ہندوستان نے چوتھی اننگز میں فی وکٹ اوسطاً 19 رنز بنائے ہیں۔ رواں برس کامیابی کیلئے نشانہ ملنے کے بعد چار مرتبہ چوتھی اننگز میں تین ابتدائی بیٹسمین فی اننگز10 رنز بھی نہیں بناسکے ہیں۔اس دوران 12 اننگز میں ٹاپ تین بیٹسمین مجموعی طور پر 119 رنز ہی اسکور کرپائے ہیں۔ اس مایوس کن کارکردگی پر میں سوالات اٹھائے جارہے ہیں لیکن امید بھی کی جارہی ہے کہ کھلاڑی آسٹریلیا میں بہتر مظاہرہ کریں گے۔