کوئنز ٹاؤن۔26 جنوری (سیاست ڈاٹ کا م)ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 131 رنز سے شکست دے کر انڈر19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہو گا۔کوئنز ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 265 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔شبمان گل 86 رنز بنا کر سب سے کامیاب رہے جبکہ ابھیشک شرما 50، کپتان پرتھوی شا 40 اور ہروک دیسائی 34 رنز بنا کر دیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم مکمل ناکامی سے دوچار ہوئی اور پنک گھوش کے سوا کوئی بھی کھلاڑی ہندوستانی بولروں کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 134 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ہندوستان کی جانب سے کملیش نگرکوٹی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ شوام ماوی اور ابھیشک شرما نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔