ہندوستان کا دورہ ‘ عربی مدرسہ بند کرنے کی ہدایت

ڈھاکہ۔6جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیشی ارباب مجاز نے ڈھاکہ کیکرکٹ اسٹیڈیم کے نزد موجود عربی مدرسہ کو بند کرنے کے احکامات دینے کے علاوہ یہاں موجود بیانرس کو بھی ہٹانے کی ہدایت دی ہے ۔ روضۃ صالحین عالم مدرسہ سے صدر مولانا عبدالشکور نے کہا ہے کہ حکومتی ارباب مجاز کی جانب سے انہیں ایک مکتوب موصول ہوا ہے ‘ جس میں کہا گیا ہے کہ 10تا 14جون ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے واحد ٹسٹ کے دوران مدرسہ کو بند رکھا جائے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ حکومتی حکام کی جانب سے پہلی مرتبہ اس طرح کا مکتوب موصول ہوا ہے کہ کرکٹ کے دوران مدرسہ کو بند رکھا جائے ۔ 9 برس بعد فتح اللہ اسٹیڈیم میں ٹسٹ کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے جیسا کہ آخری مرتبہ 2006ء میں بنگلہ دیش نے یہاں آسٹریلیا کی میزبانی کی تھی جس کے بعد اسے تاحال اس میدان نے 10ونڈے مقابلوں کی میزبانی کی ہے جس میں ایشیاء کپ 2014ء کے پانچ مقابلے بھی شامل ہیں ۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی صدر حسین امام نے کہا ہے کہ مدرسہ کے منتظمین کو مطلع کردیا گیا ہے کہ سخت حفاظتی انتظامات کے تحت کرکٹ کے ایام میں مدرسہ کو بند رکھا جائے ۔ مولانا شکور نے اس فیصلے کو حیران کن قرار دیا چونکہ گذشتہ برس ایشیا کپ کے دوران مدرسہ میں تعلیمی سرگرمیاں جاری تھی لیکن اس مرتبہ ہمیں ہدایت دی گئی ہے کہ پانچ دن کی چھٹیاں دی جائیں ۔ نیز ہمیں صرف زبانی یہ اجازت ملی ہے کہ مدرسہ میں صرف ان 25 یتیموں کو قیام کی اجازت دی جائے اور یہ اجازت انسانیت کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش میں مدارس پر سخت نظر رکھی جارہی ہے کیونکہ ایک گستاخ بلاگر کو قتل کرنے کے ضمن میںمدرسہ کے دو طلبہ گرفتار ہوئے ہیں ۔ کرکٹ بورڈ کے عہدیدار امام نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے ٹسٹ مقابلے کیلئے سیکیورٹی انتظامات اس لئے بھی سخت کئے جارہے ہیں کیونکہ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ متنازعہ رہا تھا ۔