ہندوستانی کرکٹرس کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار
ہیوج (نیدرلینڈ) 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم کل ورلڈکپ کا آغاز بیلجیم کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے پہلے مقابلہ کے ذریعہ کرے گی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ محسوس کرتے ہیں کہ بلجیم کے خلاف کل ہونے والا مقابلہ ایک سخت ترین مقابلہ ہوگا۔ سردار سنگھ نے مزید کہاکہ ٹیموں اور ایف آئی ایچ کی عالمی درجہ بندی میں دونوں ہی ٹیموں کے درمیان جو فرق ہے اِس میں کسی ایک کا انتخاب کرنا مشکل ہے کیوں کہ ہندوستانی ٹیم کو بلجیم کے خلاف بھلے ہی درجہ بندی میں بہتر مقام حاصل ہے لیکن ٹیم کے لئے یہ مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ گروپ اے میں کھیلے جانے والے اِس افتتاحی مقابلہ کے ضمن میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ ہم ورلڈکپ کے بہتر آغاز کے لئے پُرعزم ہیں کیوں کہ ہم نے اِس مقابلہ کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور خصوصاً حریف ٹیم کے ڈراگ فلیکر ٹام بون کے خلاف ہمیں بہتر مظاہرہ کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ وہی کھلاڑی ہے جو دونوں ٹیموں کے درمیان واضح فرق پیدا کریں گے۔ کپتان نے مزید کہاکہ بلجیم کے خلاف ہم نے آخری مرتبہ ہیرو ورلڈ لیگ فائنلس میں سامنا کیا تھا۔
اِس موقع پر بھی ٹام بون نے آخری چند منٹوں میں گول اسکور کرتے ہوئے مقابلے کا نتیجہ اپنے حق میں کرلیا تھا۔ آخری وارم اپ مقابلہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے سردارا نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ورلڈکپ کے آغاز سے قبل کھیلے گئے آخری وارم اپ مقابلہ میں ٹیم نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے جس سے کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہوئے ہیں۔ اب جبکہ کل ہندوستانی ہاکی ٹیم ورلڈکپ کا آغاز کررہی ہے تو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے عالمی چمپئن کھلاڑیوں نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے جس میں سردار سنگھ کی زیرقیادت ٹیم کو مبارکباد دینے والے ہندوستانی کھلاڑیوں میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کے علاوہ نائب کپتان ویراٹ کوہلی، گوتم گمبھیر اور آف اسپنر ہربھجن سنگھ کے علاوہ سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر بھی شامل ہیں۔ کوہلی نے اپنے ٹوئٹر کے پیج پر ورلڈکپ 2014 ء کے ضمن میں ہندوستانی ہاکی ٹیم سے اپنی نیک تمنائیں وابستہ کی ہیں۔ گوتم گمبھیر جنھوں نے حالیہ دنوں میں ہندوستانی ٹیم میں واپسی کی ہے انھوں نے بھی اپنی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دینے کے علاوہ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ہربھجن سنگھ جوکہ خود بھی پنجابی ہیں
انھوں نے ہندوستانی ٹیم کے پنجابی کپتان سردارا سنگھ کو اپنے پنجابی اسٹائیل میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ اِن کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا اور اسپین کو گروپ مرحلہ میں شکست دے گی۔ ہربھجن سنگھ نے چکدے سردار سنگھ اور ہاکی انڈیا جیسے جملے استعمال کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ اِن کی نیک تمنائیں شامل ہیں۔ چند دن قبل سچن تنڈولکر جنھوں نے گیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں ہاکی کھلاڑیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا تھا، انھوں نے اپنے بیان میں ٹیم کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ سچن تنڈولکر نے کہاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہم نے مختلف ماحول میں بہتر مظاہرہ کیا ہے جس سے ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور اُمید ہے کہ ہاکی ٹیم بھی ورلڈکپ میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو جشن منانے کا موقع فراہم کرے گی۔