ہندوستان کا اخراج حیران کن نہیں : بیلی

پرتھ۔31جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کپتان جارج بیلی حیرت زدہ نہیں ہے کہ ہندوستانی ٹیم سہ رخی سیریز کے فائنل میں رسائی سے محروم رہ چکی ہے ۔ بیلی نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم جس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز پر تمام تر توجہ مرکوز کررکھی تھی اور وہ ونڈے سیریز میں بہتر تیاری کے ساتھ شرکت نہیں کرپائی ۔ ہندوستانی ٹیم جسے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے بعد سہ رخی سیریز میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ایک بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے اور گذشتہ روز عملاً سیمی فائنل مقابلہ میں اسے انگلینڈ کے خلاف تین وکٹوں کی شکست برداشت کرنے کے بعد سہ رخی سیریز سے باہر ہوناپڑا ہے ۔ بیلی سے پریس کانفرنس میں جب پوچھا گیا کہ فائنل میں ونڈے اور چمپئنس ٹرافی کی فاتح ٹیم موجود نہیں ہے تو انہوں نے کہا کہ سہ رخی سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے جس طرح کا مظاہرہ کیا ہے اُس کے بعد ہندوستان کا رواں سیریز سے اخراج حیران کن نہیں ہے ۔بیلی نے ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کی ایک بہتر واپسی کے امکانات کو مسترد نہیں کیا ہے اور کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہندوستانی ٹیم مزید دو ہفتے آسٹریلیا میں گذارے گی اور امید ہے کہ ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلہ میں پاکستان کے خلاف وہ بہتر واپسی کرے گی ۔ سہ رخی سیریز کے فائنل اور 14فبروری کو ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلہ میں انگلینڈ کی موجودگی پر بیلی نے کہا کہ حریف ایک خطرناک ٹیم ہے جو کسی بھی لمحہ کامیابی حاصل کرسکتی ہے