ہندوستان کا آج کوارٹر فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ

دبئی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گروپ مرحلہ کے اپنے تمام مقابلوں میں باآسانی کامیابی حاصل کرنے والی دفاعی چمپیئن ہندوستانی ٹیم کل یہاں کھیلے جانے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ کرے گی۔ شاندار فام میں موجود ہندوستانی ٹیم نے اپنے گروپ مرحلہ کے آخری مقابلے میں نیو پاپو جینیوا کے خلاف 245 رنز شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور اب وجئے زول کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف مسابقتی مقابلہ درپیش رہے گا۔ ہندوستان نے آخری مقابلے میں جو کامیابی حاصل کی تھی وہ انڈر 19ورلڈ کپ میں ساتویں بڑی کامیابی رہی۔ دوسری جانب انگلش ٹیم نے بھی اپنی صفوں میں موجود شاندار کھلاڑیوں کی بدولت ٹورنمنٹ میں متاثرکن مظاہرے کئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم جس نے اپنے گروپ مرحلہ کے پہلے مقابلے میں کٹر حریف پاکستان کے خلاف 40 رنز کی کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک مختصر اسکور کے مقابلے میں جدوجہد کے باوجود 5 وکٹوں کی کامیابی حاصل کی۔

ہندوستانی ٹیم میں سنجو سامسنگ اور آل راونڈر شہزاد خان کے علاوہ بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو نے ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ جہاں تک انگلینڈ کا تعلق ہے اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف 115 رنز اور متحدہ عرب امارات کے خلاف 213 رنز کی کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکا کے خلاف اسے ایک وکٹ کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ جوناتھن ٹاٹرسل نے 136، ریان ہیگنس نے 108 اور ہیری فنچ نے 103 رنز اسکور کرتے ہوئے انگلینڈ کی فتوحات میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔