ہندوستان کا آج فائنل میں بنگلہ دیش سے مقابلہ

دبئی ۔ 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل یہاں ایشیاء کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف بہتر مظاہرہ کیلئے نہ صرف پُرعزم ہے بلکہ وہ علاقائی اس ٹورنمنٹ میں اپنی بالادستی ثابت کرنے کیلئے کوشاں ہوں گی۔بنگلہ دیش نے چہارشنبہ کو کھیلے گئے ایک اہم مقابلہ میں پاکستان کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ‘ تاہم اس کے اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے اسے مسائل کا سامنا ہے جیسا کہ اس کے اہم کھلاڑی تصور کئے جانے والے شکیب الحسن زخمی ہوکر پہلے ہی ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں ۔جبکہ پاکستان کے خلاف اس کے دوسرے اہم بیٹسمین مشفق الرحیم بھی پیٹھ کی تکلیف کے باعث مقابلہ کے دوران کیپنگ سے دستبرداری اختیار کی تھی۔فائنل کیلئے ہندوستانی ٹیم پسندیدہ موقف میں ہے اور ساتویں مرتبہ وہ ریکارڈ خطاب حاصل کرسکتی ہے جبکہ بنگلہ دیش امید کررہی ہے کہ وہ تیسری مرتبہ ہندوستان کے خلاف خوش قسمت ثابت ہوگی ۔ تمام ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم نے ناقابل تسخیر موقف برقرار رکھا ہے جب کہ افغانستان کے خلاف کھیلے گئے غیر اہم مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم نے جہاں ٹورنمنٹ کے کپتان روہت شرما اور ان کے ساتھی اوپنر شکھردھون کے علاوہ فاسٹ بولروں کی جوڑی جسپریت بمرا اور بھونیشور کمار کو آرام دیا تھا جس کا افغانستانی ٹیم نے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان کو شکست تو نہ دی لیکن اسے کامیاب ہونے بھی نہیں دیا ۔ پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش نے جس طرح کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ اس نے اس مقابلہ کے ذریعہ فائنل سے قبل اپنے حوصلوں کو کافی بلند کردیا ہے ‘ خاص کر اس کے بولروں نے آسان نظر آنے والے 240رنز کا بھی کامیابی سے دفاع کیا ہے لیکن ہندوستان کی اوپنرس جوڑی روہت ۔ دھون کے خلاف بولروں کو سخت امتحان دینا پڑسکتا ہے ۔ جیسا کہ دونوں ہی کھلاڑیوں نے ٹورنمنٹ میں رنز کے انبار لگادیئے ہیں ۔ جب کہ نمبر تین پر امباتی رائیڈو نے نصف سنچریوں کے ساتھ اپنے شاندار فام کا ثبوت دیا ہے ۔ روہت 269رنز اور دھون 327رنز کے ساتھ انتہائی شاندار فام میں ہیں ۔ ان کے خلاف مستفیض کو سخت امتحان دینا پڑسکتاہے ۔ ہندوستان کیلئے مڈل آرڈر ایک مرتبہ پھر تشویش کا باعث رہے گا کیونکہ افغانستان کے خلاف ناقص امپائرنگ کی وجہ سے اسے بہتر مظاہرہ کا موقع نہیں ملا ہے ۔ کپتان مشرف مرتضی کے ہمراہ روبیل حسن اور نوجوان اسپنر مہدی سے بنگلہ دیشی ٹیم کی امیدیں وابستہ ہیں ۔ بیٹنگ شعبہ میں بنگلہ دیش کا مکمل انحصار مشفیق الرحیم پر ہے جب کہ محموداللہ بھی اس کے اہم بیٹسمینوں میں شمار کئے جارہے ہیں کیونکہ زخمی ہوکر پہلے ہی اوپنر تمیم اقبال باہر ہوچکے ہیں ۔ بولنگ شعبہ میں ہندوستان کا پھر ایک مرتبہ انحصار فاسٹ بولروں کی جوڑی کے علاوہ اسپنرس یوزویندر چہل اور کلدیپ یادو پر رہے گا ۔