ہندوستان کا آج سیمی فائنل میں پاکستان سے مقابلہ

بھونیشور 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہیرو چیمئنس ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ میں کل ایک شاندار مقابلہ کی امید ہے جیسا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کل یہاں سیمی فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا ۔ ہندوستانی ٹیم ان دنوں شاندار فام میں موجود ہے جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھی گذشتہ مقابلہ میں ہالینڈ کو حیران کن شکست دیتے ہوئے قطعی چار ٹیموں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ہندوستانی ٹیم کیلئے یہ موقع دستیاب رہے گا کہ وہ 2012 میں جب چیمپئنس ٹرافی آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں کھیلی گئی تھی تو برونز مڈل کے لئے کھیلے گئے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ موجودہ فام اور ریکارڈ بتاتے ہیں کہ کل یہاں دو پڑوسی ممالک کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلے میں ہندوستان کو پسندیدہ موقف حاصل رہے گا ۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مقابلے میں کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔پاکستان کو ہندوستان کے خلاف آخری مرتبہ ایشین گیمز میںکھیلے گئے خطابی مقابلے میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی

اور سردار سنگھ کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو شکست دیتے ہوئے 2016 ریو اولمپکس میں راست رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ایشین گیمز کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے پینالٹی شوٹ پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن امید کی جارہی ہے کہ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم مقررہ 60 منٹوں میں ہی کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ ہندوستان اور پاکستان کی ہاکی میدانوں میں ایک طویل تاریخ ہے ۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف 7 مرتبہ خطابی مقابلے کھیلے ہیں جس میں پاکستان نے 6 فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ آخری مرتبہ ایشین گیمز کے فائنل میں ہندوستان نے روایت کو توڑتے ہوئے پہلے کامیابی حاصل کی ہے ۔ 1956 تا 1964 کے درمیان دونوں ممالک نے متواتر تین اولمپکس کے فائنلس کھیلے ہیں۔