نئی دہلی ۔9جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک نئی شکل میں نظر آنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کل یہاں ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ فائنل کے ابتدائی مقابلہ میں خود سے بہتر مقام پر فائز انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی ۔ میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد شدنی اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم اپنے نئے کوچ ٹیری والش کی حکمت عملیوں کے ساتھ مظاہرہ کریں گی ۔ہندوستان کیلئے ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ فائنل ایک بہترین موقع ہے جس کے ذریعہ وہ رواں سیزن کے اوآخر نیدر لینڈس میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کیلئے بہتر تیاری کرسکتی ہے۔ ہندوستان کے علاوہ اس ٹورنمنٹ میں دنیا کی سات بہترین اور سرفہرست ٹیمیں شرکت کررہی ہیں
اور ان ٹیموں کے خلاف مظاہروں کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ کی تیاری کا اس سے بہتر موقع حاصل نہیں ہوسکتا ۔ ہندوستانی ٹیم خود کو خوش قسمت تصور کرسکتی ہے کیونکہ ہیرو ورلڈ لیگ فائنل میں وہ راست رسائی سے محروم ہوچکی تھی لیکن بحیثیت میزبان ٹیم اسے ٹورنمنٹ میں شرکت کا موقع مل رہاہے ۔ علاوہ ازیں ہندوستان کو رواں برس کے اواخر چمپئنس ٹرافی کی میزبانی کا موقع فراہم ہورہاہے ۔ دہلی میں کل سے شروع ہونے والے ٹورنمنٹ میں سردار سنگھ کی زیرقیادت ہندوستانی ہاکی ٹیم کیلئے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ثابت کرنے کا موقع بھی دستیاب رہے گا کہ وہ فتوحات کے ذریعہ اُس سمت گامزن ہیں جہاں ماضی میں وہ سنہری فتوحات حاصل کرچکی ہے ۔ واضح رہے کہ 2013ء میں ایشیا کپ کے سلور میڈل کے علاوہ ہندوستان نے کوئی بہتر مظاہرہ نہیں کیا ہے۔