ہندوستان پریسیڈنٹس کپ باکسنگ کا چمپئن

چار گولڈ اور ایک برونز کیساتھ ایونٹ کا اختتام ۔ پہلی بار چمپئن شپ کا اعزاز
نئی دہلی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راکیش کمار (69kg) اور ہرپال سنگھ (75kg) نے گولڈ میڈلس جیتے جبکہ ہندوستان پہلی بار 22 ویں پریسیڈنٹس کپ باکسنگ ٹورنمنٹ منعقدہ پالمبانگ (انڈونیشیا) میں چمپینس کا خطاب حاصل ہوا ہے۔ انڈین ٹیم نے 33 پوائنٹس جٹاتے ہوئے دوسرے مقام والے منگولیا سے برتر پوزیشن کے ساتھ اختتام کیا ۔ راکیش اور ہرپال کے گولڈ میڈلس نے اس ایونٹ کے ختم پر ملک کے تمغوں کی تعداد کو چار گولڈ اور ایک برونز تک پہنچا دیا۔ اُن کا طلائی تمغہ جیتنے والا مظاہرہ اس کے بعد سامنے آیا جبکہ ٹورنمنٹ کے ویمنس کامپٹیشن میں ایس سرجوبالا (48kg) اور پنکی جانگرا (51kg) نے زرد دھات کا میڈل حاصل کیا۔ مینس کے خطابی مقابلوں میں جہاں ہرپال نے کوریا کے جی دیوک۔سیونگ کو شکست دی، وہیں راکیش نے جاپان کے ہیروآکی کنجو کو مات دی۔ منیش کمار (60kg) نے سیمی فائنلس میں منگولیا کے ڈی اتگوندلائی کے مقابل ناکامی کے بعد برونز میڈل پر اکتفا کیا۔ نیشنل کوچ گربخش سنگھ سندھو نے ٹیم کے پرفارمنس کی ستائش کرتے ہوئے کہا، ’’یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ہم اس ٹورنمنٹ میں چمپینس بنے ہیں، جس سے پتہ چلتا ہے کہ انڈین باکسنگ آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ شاندار کارگزاری ہے لیکن ہم بہتری کی امید رکھتے ہیں‘‘۔ اس ٹورنمنٹ میں 30 ممالک سے زائد از 130 باکسروں نے حصہ لیا۔