ہندوستان ٹوئنٹی20ورلڈ کپ 2016کا میزبان

دبئی۔29جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان جس نے 2011ء ونڈے ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی کی تھی ، اب وہ آئندہ برس منعقد شدنی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کی بھی میزبانی کرے گا ۔ دبئی میں آئی سی سی کے اجلاس میں آئندہ 4برسوں کے دوران ہونے والے ٹورنمنٹس کے نظام العمل کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ ہندوستان میں ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ 11مارچ تا 3اپریل 2016ء کو منعقد ہوگا جبکہ گذشتہ ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں منعقد ہوا تھا جس میں ہندوستان کو شکست دے کر سری لنکا نے خطاب حاصل کیا تھا ۔ علاوہ ازیں جن دیگر ممالک کو دیگر ورلڈ کپ اور اہم ٹورنمنٹس کی میزبانی دی گئی ہے ان میں انگلینڈ ، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ شامل ہیں ۔ انگلینڈ 2019ء میں ونڈے ورلڈ کپ کے علاوہ یکم تا 19جون چمپئنس ٹرافی اور 2017ء میں 4اگست تا 17اگست ویمنس ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا ۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کے حق میں 2018 انڈر 19ورلڈ کپ کی میزبانی آئی ہے جبکہ بنگلہ دیش میں 2016ء کا انڈر 19 ورلڈ کپ اور ورلڈ کپ 2018ء کوالیفائر ٹورنمنٹ کھیلا جائے گا ۔ ویسٹ انڈیز کو صرف 2018ء میں ویمنس ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کی میزبانی دی گئی ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے آئندہ 4برسوں کیلئے کئے جانے والے فیصلے میں جنوبی افریقہ کو کسی بھی ایونٹ کی میزبان نہیں دی گئی ہے ۔