نیوزی لینڈ ونڈے سیریز میں 4-0 کیلئے کوشاں
فاسٹ بولر ہنری کی شمولیت اور ٹیموں میں تبدیلی کا امکان
ویلنگٹن ۔30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سیریز میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کے حوصلے پہلے ہی پست ہوچکے ہیں تاہم وہ کل یہاں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے پانچویں اور آخری مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہوگی تاکہ اپنے وقار کو بحال کرنے کیلئے ٹسٹ سیریز سے قبل اشد ضروری کامیابی حاصل کی جاسکے ۔ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو رواں سیریز میں 3-0 کی شکست اور اس شکست کے باعث آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام گنوانا پڑا ہے ۔
مہمان ٹیم کونیپر میںمنعقدہ پہلے ونڈے میں 24رنز ‘ ہیملٹن ونڈے میں 15 اور چوتھے مقابلے میں 7وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے جبکہ آکلینڈ میں منعقدہ مقابلہ ٹائی ہوا تھا ۔ کل ہندوستان کو کامیابی کھلاڑیوں کے حوصلے بلندکرنے کیلئے ضروری ہے بلکہ اس کامیابی کے ذریعہ سیریز میں شکست کا فرق 4-0 کی بجائے 3-1 ہوگا اور اس کامیابی کے ذریعہ وہ ٹسٹ سیریز میں پُراعتماد شرکت کرپائے گی۔
دورہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ٹور کے دوران کھیلے گئے گذشتہ 6مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرپائی ہے اور اس دوران اسے جنوبی افریقہ میں 3ونڈے مقابلوں کی سیریز میں 2-0 اور نیوزی لینڈ کے خلاف رواں سیریز میں 3-0 کاپہلے ہی خسارہ برداشت کرنا پڑچکا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کی کل کھیلے جانے والے ونڈے میں شرکت اور اس کے نتائج کے بعد کئی ایسے سوال ہیں جن کے جوابات تلاش کرنے ہیں تاکہ بیرون ممالک ٹیم کے مسلسل ناقص مظاہروں اور کھلاڑیوں کی ناکامی کے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے ۔ گذشتہ مقابلہ میںمہندر سنگھ دھونی نے ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی تھیں لیکن ان تبدیلیوں کا بھی خاطرخواہ نتیجہ حاصل نہ ہوسکا جیسا کہ اوپنر شکھر دھون کو آرام دیتے ہوئے انکے مقام پر ویراٹ کوہلی اور روہت شرما سے اننگز کا آغاز کروایا گیا تھا
جہاں کوہلی یکسر ناکام ہوئے جبکہ روہت نے نصف سنچری اسکور کی ۔ مڈل آرڈر میں اجنکیاراہنے امید جگانے کے علاوہ بہتر مظاہرہ میں ناکام ہیں جبکہ اسٹیورٹ بنّی بھی اپنے کریئر کا متاثرکن آغاز نہیں کرپائے ہیں ۔ بولنگ شعبہ میںمسلسل ناقص مظاہروں کے بعد دھونی نے بھی اپنے بولروں کو شکست کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں بولنگ میں اپنی صلاحیتوں اور ذہن کا استعمال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ ونڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا مکمل صفایا کرنے کی خواہاں ہے اور اسکے قطعی 11کھلاڑیوں میں تبدیلیوں کا امکان ہے جیسا کہ آل راؤنڈر جیمس اینڈریوسن کے زخمی ہونے اور ٹم ساؤتھی کو آرام دیئے جانے کے بعد 22سالہ فاسٹ بولر میاٹ ہنری کو موقع دیا جاسکتا ہے ۔