ہندوستان ٹسٹ درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر

دبئی۔4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں زمبابوے سے ٹسٹ سیریز جیتنے پر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے نمایاں بہتری حاصل کرلی جبکہ میزبان ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد سکندر رضا نے بیٹنگ اور بولنگ میں بڑی چھلانگیں لگالیں۔تفصیلات کے مطابق ہندوستان بدستور پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، انگلینڈ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں اورسری لنکا چھٹے نمبر اورپاکستان ساتویں نمبر پر ہیں، ویسٹ انڈیز نے75 نشانات کے ساتھ آٹھواں مقام بچائے رکھا ہے۔ زمبابوے کو 2 ریٹنگ نشانات ملنے پر ٹاپ 10 میں جگہ مل گئی۔ بیٹنگ میں سرفہرست 5 مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اس پر حسب سابق اسٹیون اسمتھ، جیو روٹ،کین ولیمسن، چتشور پجارا اور وارنر شامل ہیں، کوہلی چھٹے، ہاشم آملا ساتویں، لوکیش راہول آٹھویں، اجنکیا راہنے نویں اور اظہر علی دسویں نمبر پر ہیں۔زمبابوے سے دوسرے ٹسٹ میں سنچریاں بنانے والے کپتان جیسن ہولڈر اور شین ڈوریچ نے بھی ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ ہولڈر5 درجے ترقی کے بعد 57 ویں نمبر پر آگئے۔