لندن ، 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو آج ڈیوس کپ کی قرعہ اندازی میں سخت حریف مل گیا، جیسا کہ انھیں ٹاپ سیڈز چیک ریپبلک کے خلاف ورلڈ گروپ پلے آف میچز میں ترتیب دیا گیا ہے، جو 18 تا 20 ستمبر نئی دہلی یا پونے میں منعقد کئے جائیں گے۔ یہ ڈرا یہاں منعقد کیا گیا۔ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو گزشتہ ہفتے گروپ I سکنڈ راؤنڈ میں 3-2 سے شکست دے کر پہلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کی جبکہ چیک ٹیم ورلڈ گروپ فرسٹ راؤنڈ منعقدہ مارچ میں آسٹریلیا کے مقابل 2-3 سے ہاری تھی۔ چیک ٹیم اپنی صفوں میں عالمی نمبر چھ ٹامس برڈیچ (اس سال کے آسٹریلین اوپن سیمی فائنلسٹ) اور ایک سے زائد گرانڈ سلام جیتنے والے راڈک اسٹپانک رکھتی ہے۔ تاہم یہ دونوں آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلنے سے محروم رہے اور چیک ٹیم کی قیادت عالمی نمبر 44 ییری ویزلی اور لوکاس روزل (54) کررہے تھے۔