جوہر بہرو (ملائیشیا)۔20 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو میں منعقدہ چوتھے سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ میں ہندوستان نے بر طانیہ کو 1-2 گول سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔ ہندوستانی انڈر 21 ٹیم نے میچ کے اختتام سے 45 سکینڈ قبل فیصلہ کن گول کر کے کامیابی حاصل کرلی ۔ چمپین ٹیم کیلئے فیصلہ کن گول ہر من پریت سنگھ نے پنالٹی کار نر پر اسکور کیا۔ انہوں نے 45 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کا پہلا گول بھی پنالٹی کار نر پر اسکور کیا ۔ ہندوستان کے وارون سنگھ نے53 ویں منٹ میں پنالٹی کار نر پر گول کا موقع ضائع کیا۔55ویں منٹ میں بر طانیہ کے سمیوئیل فرنچ نے اپنی ٹیم کا پہلا اور واحد گول بنایا۔ علاوہ ازیں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 6-2 گول سے شکست دے کر برونز میڈل حاصل کیا۔ پاکستانی ٹیم پانچواں مقام کیلئے کھیلے گئے مقابلے میں بھی مایوس کن کار کردگی کے بعد1-3 کی ناکامی سے دوچار ہوئی۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں ایک بھی کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ ٹورنمنٹ کے پانچویں مقام کے میچ میں ملائیشیا نے پاکستان کو بہ آسانی 3-1 سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کیلئے حازق سیمسل، محمد نجمی اور شاہرل نے فی کس ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول محمد نوید نے کیا۔ پاکستانی ٹیم کی ایونٹ میں یہ چوتھی شکست ہے اور ٹیم کی ٹورنمنٹ میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔