ہندوستان نے پاکستان کیساتھ باہمی سیریز معطل کردی

بھوبنیشور۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چمپینس ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے خلاف گزشتہ روز یہاں کلنگا میدان میں کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے مقامی شائقین اور میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے نازیبا برتاؤ کیا جس پر ہاکی انڈیا نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے سخت کارروائی نہ کرنے کا نوٹ لیتے ہوئے پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی باہمی سیریزوں کو معطل کردیا ہے۔ ہندوستان کے خلاف سیمی فائنل میں 4-3 کی کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے جشن کا غلط طریقہ اختیار کرتے ہوئے نہ صرف میدان پر جشن منانے کیلئے رقص کیا بلکہ اپنی ٹی شرٹس اُتار کر شائقین اور میڈیا کو نازیبا الفاظ کیساتھ مخاطب کیا۔ کھلاڑیوں کی اس حرکت کے بعد حالانکہ پاکستانی کوچ شاہنواز نے معذرت خواہی کی ہے اور ایف آئی ایچ نے ان کی معافی کو قبول بھی کیا ہے جس کے باوجود ہندوستان نے اپنا شدید غصہ ظاہر کرتے ہوئے پڑوسی ملک سے باہمی سیریز معطل کردی ہے۔