مسقط ۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اپنے روایتی حریف پاکستان کو پانچویں ایشین چمپین ٹرافی ہاکی میں 3-1 سے شکست دے کر کپ حاصل کرلیا۔ ہندوستان کے ساتھ پاکستان کی یہ مسلسل گیارہویں شکست تھی۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان من پریت سنگھ، فارورڈ مندیپ سنگھ اور دل پریت سنگھ نے 42 ویں منٹ میں گولز بناکر جیت حاصل کی اور کپتان کے شاندار کھیل کی بدولت ان کو میان آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا، حالانکہ پاکستانی کھلاڑی محمد عرفان جونیر کے پہلے منٹ میں گول کے باوجود ہندوستان نے بغیر کسی دباؤ میں آکر پاکستان پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ عالمی نمبر پانچ ہندوستان نے اب تک عالمی نمبر 13 پاکستان کو 10 میاچیس میں شکست دے چکا ہے۔ کھیل کے ابتداء میں ہی پاکستان کے محمد عرفان جونیر نے پینالٹی کارنر کے ذریعہ گول حاصل کرلیا لیکن ہندوستانی گول کیپر سری جیش نے پاکستانی حملوں کا مسلسل دفاع کرتے رہے۔ ہندوستان کو دو پینالٹی کارنر پر بھی حاصل ہوئے لیکن پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں نے ان کو ناکام بنادیا لیکن بالآخر 24 ویں منٹ میں ہندوستانی کپتان من پریت سنگھ نے گول بناکر کھیل کو مساوی کردیا۔ کھیل کے نصف حصہ تک دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابری پر تھیں۔ 31 ویں منٹ میں آکاش دیپ نے دفاع کو توڑتے ہوئے اسٹریکنگ حلقہ کے قریب گیند کو مندیپ سنگھ کے آگے بڑھا دیا اور اس طرح گول کیا کہ وہ پاکستانی گول کیپر عمران بٹ کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے۔ سری مہیش کے متبادل کھلاڑی کے طور پر لئے گئے نوجوان گول کیپر کرشن بہادر پاٹھک نے کھیل کا بہترین مظاہرہ کیا اور پاکستان پر سبقت دلا ڈالی۔ ہندوستان کا مقابلہ جاپان کے ساتھ اتوار کی شام میں ہوگا۔