ہندوستان نے ٹوئنٹی 20 میں نمبر 1 مقام حاصل کرلیا

دبئی۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں رواں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقابل تسخیر موقف کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے آئی سی سی کی ٹوئنٹی 20 کی درجہ بندی میں سری لنکا سے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار مظاہروں کے ذریعہ درجہ بندی کے 7 نشانات حاصل کرتے ہوئے پہلے مقام پر پہونچ چکی ہے۔ ہندوستان کے فی الحال 130 نشانات ہیں۔ ہندوستان اور سری لنکا دونوں ہی ٹیمیں اب سیمی فائنل میں پہونچ چکی ہیں لہذا ہندوستان کو اپنا پہلا مقام مستحکم کرنے کا جہاں موقع دستیاب ہے وہیں سری لنکائی ٹیم دوبارہ پہلا مقام حاصل کرسکتی ہے۔

درجہ بندی میں جو اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں، ان میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے مقامات کی تبدیلی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جس نے بہتر مظاہرہ کے ذریعہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، اس کے ذریعہ اسے 5 نشانات حاصل ہوئے ہیں اور وہ جملہ 115 نشانات کے ذریعہ پانچویں مقام پر پہنچ چکی ہے جبکہ ناقص مظاہروں کی وجہ سے آسٹریلیائی ٹیم کو درجہ بندی کے 5 نشانات گنوانے پڑے ہیں اور اب وہ 110 نشانات کے ذریعہ چھٹے مقام پر پہونچ چکی ہے۔ ورلڈ کپ کی 16 ٹیموں میں 13 ٹیمیں درجہ بندی کے جدول میں موجود ہیں ۔ انفرادی درجہ بندی میں ہندوستان کے نائب کپتان وراٹ کوہلی بیٹسمینوں کی فہرست میں ترقی کے بعد تیسرے مقام پر پہونچ چکے ہیں۔